Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہولی کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کا مظہر ہیں، وزیراعظم

حکومت پاکستان تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی محافظ ہے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہولی کا تہوار خوش نما رنگوں کے امتزاج سے معاشرتی ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔ ہولی کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کا مظہر ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج ہندوؤں کے مذہبی تہوار ہولی کے موقع پر پاکستان کی ہندو کمیونٹی کے لیے دلی مبادکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہندو کمیونٹی ہمارے معاشرے کا ایک بیش قدر حصہ ہے۔ جس کا ملکی سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی و خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں مثبت کردار ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب و عقیدہ تمام شہریوں کے لیے مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا تخفظ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خطے کی کشیدہ صورتحال، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی محافظ ہے اس تناظر میں حکومتی اقدامات میں پالیسی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (2025) اور حکمت عملی برائے مذہبی برداشت (2025) شامل ہیں۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بین المذاہب مکالمہ، عبادت گاہوں کی حفاظت اور باہمی احترام کی سماجی روش کے فروغ کے لیے من الحیث القوم کام کرنے کی ضروت ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آئیے آج قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کی اقدار کے ساتھ پر امن، شمولیتی اور خوشحال مستقبل کے لئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے۔