Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیمی فائنل تک رسائی؛ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈکپ ٹکٹ سے صرف ایک قدم دور

ورلڈکپ کوالیفائر میں پاکستان نے آسٹریا کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

اسماعیلیہ: پاکستان مینز ہاکی ٹیم نے ورلڈکپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آسٹریا کو شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

مصر کے شہر اسماعیلیہ میں جاری ایونٹ میں گرین شرٹس نے آسٹریا کے خلاف 4-0 سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر تک پاکستان نے 2-0 کی برتری حاصل کرلی تھی جب کہ چوتھے کوارٹر میں مزید دو گول کرکے مجموعی اسکور 4-0 تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے ابوبکر نے دو جب کہ اظفر اور سفیان خان نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے اور اب ورلڈ کپ کے ٹکٹ سے صرف ایک قدم دور ہے۔

جمعہ کو ہونے والے سیمی فائنل میں کامیابی پاکستان کو براہ راست ورلڈکپ میں رسائی دلا دے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2018 میں ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کی تھی اور اب 8 سال بعد ٹیم کو ورلڈ کپ میں واپسی کا سنہری موقع حاصل ہوا ہے۔