Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صارفین کیلئے بڑی خبر؛ ایپل کی نئی میک بک سیریز متعارف، قیمت بھی جانیے؟

نئی لائن اپ میں میک بک ایئر اور میک بک پرو شامل ہیں

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے منگل کے روز اپنی نئی میک بک سیریز متعارف کروا دی ہے، جس کی ابتدائی قیمت 1,099 امریکی ڈالر (تقریباً 3 لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی ڈیوائسز کے ذریعے وہ سکڑتی ہوئی پی سی مارکیٹ اور میموری چِپس کی کمی کے باوجود صارفین کو جدید ہارڈویئر کی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہے۔

نئی لائن اپ میں میک بک ایئر اور میک بک پرو شامل ہیں، جو ایپل کے پرسنل کمپیوٹنگ بزنس کا اہم حصہ سمجھے جاتے ہیں۔

یہ سیریز کمپنی کی اپنی تیار کردہ کسٹم سلیکون چِپس کی حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کا حصہ بھی ہے۔

یاد رہے کہ ایپل نے 2020 میں انٹیل کے پروسیسرز سے ہٹ کر اپنی ایم سیریز چِپس متعارف کروائی تھیں، جس کے بعد کمپنی نے کارکردگی اور بیٹری لائف میں نمایاں بہتری کا دعویٰ کیا۔

 اس تبدیلی نے ونڈوز پر مبنی پی سی بنانے والی کمپنیوں کے مقابلے میں ایپل کی پوزیشن مزید مستحکم کرنے میں مدد دی۔

نئی سیریز میں 13 انچ اسکرین والا میک بک ایئر 1,099 ڈالر سے شروع ہوگا جبکہ ایم 5 پرو چِپ سے لیس میک بک پرو ماڈلز کی ابتدائی قیمت 2,199 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

اگرچہ میک کمپیوٹرز کی فروخت کمپنی کی مجموعی آمدنی میں آئی فون کے مقابلے میں کم حصہ رکھتی ہے، تاہم تعلیم، تخلیقی شعبوں اور ہائی اینڈ صارفین میں ان کی اہمیت بدستور برقرار ہے۔