Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ممکن ہے ملک بھر میں پیٹرول ختم ہوجائے، وفاقی وزیر غلط بیانی کررہے ہیں، پیٹرولیم ڈیلرز

مشکل سے ملک میں صرف دس سے چودہ روز کا پیٹرول موجود ہے، پیٹرولیم ڈیلرز

کراچی: پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول کی عدم دستیابی پر حالات بہت خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد السمیع خان نے کہا ہے کہ ممکن ہے ملک بھر سے پیٹرول ختم ہوجائے۔ اوگرا اور وفاقی وزیر ملک میں پیٹرولیم ذخائر کے حوالے سے غلط بیانی کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل سے ملک میں صرف دس سے چودہ روز کا پیٹرول موجود ہے۔ اگر پیٹرول پمپس پر پیٹرول نہیں ملا تو جھگڑے ہوں گے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پیٹرول نہیں ملا تو وہ پیٹرول پمپس بند کردیں گے۔

عبد السمیع خان نے کہا کہ ڈیلرز کو اوریج سیل کے مطابق پیٹرول نہیں مل رہا اور وہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے کوٹہ سسٹم کی مخالفت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی پیٹرول اور ڈیزل نہ آنے کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیز پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے لیوی اور ٹیکس میں کمی کی جائے۔ اطلاعات ہیں کہ حکومت ہفتہ وار قیمتیں مقرر کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے آئی جی سندھ سے درخواست کی کہ پیٹرول پمپس کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔

متعلقہ خبریں