Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف بی آر کا 7100 ارب روپے کی ممکنہ ٹیکس چوری روکنے کیلئے بڑا فیصلہ

یکم جولائی سے پاکستان میں تمام فیکٹریاں اور کارخانے صرف ایف بی آر سے رجسٹرڈ ٹرک میں سامان لوڈ کرسکیں گے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 7100 ارب روپے کی ممکنہ ٹیکس چوری روکنے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اب پورے ملک میں سامان کی ترسیل صرف ایف بی آر کے رجسٹرڈ ٹرکوں سے ہوگی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق یکم جولائی سے پہلے کارگو ٹریکنگ سسٹم کا ڈیزائن تیار ہوجائے گا جبکہ یکم جولائی سے پاکستان میں تمام فیکٹریاں اور کارخانے صرف ایف بی آر سے رجسٹرڈ ٹرک میں سامان لوڈ کرسکیں گے۔

حکام  کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے غیر رجسٹرڈ ٹرک سڑکوں سے گزرنے پر جرمانوں کا سامنا کریں گے، جبکہ کارگو ٹریکنگ سسٹم میں ای بلٹی کا جدید ترین بار کوڈ، جی پی آر ایس اور آر ایف آئی ڈی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف وفد پاکستان پہنچ گیا، اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ اس طرح سامان کی پیداوار میں سیلز ٹیکس کی چوری، اسمگلنگ کے سامان کی روک تھام میں بڑی مدد ملے گی اور کسٹم کی چوری روکی جائے گی۔

حکام کا کہنا تھا کہ سامان کی ترسیل کے ٹرکوں کو ایف بی آر کے سسٹم سے رجسٹرڈ ہونا پڑے گا، غیر رجسٹرڈ ٹرکوں سے سامان کی ترسیل ممکن نہیں ہوگی، رجسٹرڈ ٹرک کا مکمل ٹریکنگ ریکارڈ رکھا جائے گا، کس ٹرک نے کس فیکٹری سے کتنا مال اٹھایا، اس کی مکمل ٹریکنگ سے سیلز ٹیکس کی چوری روکی جائے گی۔

ایف بی آر کی جانب سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ کے دوران ٹیکس اہداف اور ٹیکس شارٹ فال پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ جولائی تا فروری ٹیکس کا شارٹ فال 429 ارب روپے ہے جبکہ ٹیکس کا شارٹ فال کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف کو ریونیو اقدامات کے سلسلے میں مختلف تجاویز اور ایکشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔