کراچی: حکومت سندھ نے صوبے بھر میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے چارجنگ نیٹ ورک کے قیام کے لیے ایک اہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
اس منصوبے کا مقصد گرین انرجی کو فروغ دینا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کو مضبوط بنانا ہے، یہ منصوبہ چین کی کمپنی اے ڈی ایم گروپ اور ملک گروپ آف کمپنیز کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان میں تیزی سے فروغ پاتی الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کو سہارا دینے کے لیے جدید فاسٹ چارجنگ انفرااسٹرکچر قائم کیا جائے گا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے میں حکومت سندھ کی جانب سے 750 ملین روپے فراہم کیے جائیں گے، جن کے ذریعے صوبے کے مختلف علاقوں میں 300 ای وی چارجنگ اسٹیشنز نصب کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اے ڈی ایم گروپ پاکستان بھر میں 3 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے 90 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس سے ملک میں الیکٹرک موبیلٹی کے انفرااسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے مطابق یہ منصوبہ کاربن کے اخراج میں کمی، ماحول دوست توانائی کے فروغ اور سندھ میں پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کی مضبوطی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
حکام کے مطابق منصوبے کی منظوری میں پالیسی سطح پر تعاون اور صنعتی شراکت داری نے اہم کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں ملک خدا بخش کی متعلقہ اداروں اور صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطہ کاری کو بھی اس پیش رفت میں معاون قرار دیا گیا ہے۔
حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے، جدید انفرااسٹرکچر کو فروغ ملے گا اور سندھ الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کے نمایاں خطوں میں شامل ہو سکے گا۔
چیئرمین ملک گروپ آف کمپنیز ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ گرین انرجی، جدید ٹرانسپورٹ اور پائیدار انفرااسٹرکچر کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ اس سے قبل بھی صوبے کی اہم شاہراہوں اور بڑے شہروں میں 691 سے زائد ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگانے کا اعلان کر چکی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں جبکہ پہلے مرحلے میں 300 اسٹیشنز کا قیام اسی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
چیئرمین ملک گروپ نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ متعلقہ عملے کو جدید آلات اور تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔



















