Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نیوی کا آپریشن “محافظُ البحر” شروع، سمندری تجارت کے تحفظ کے اقدامات

یہ آپریشن قومی بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے کیا جارہا ہے، آئی ایس پی آر

کراچی: خطے کی بدلتی ہوئی سمندری سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نیوی نے آپریشن محافظُ البحر شروع کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن قومی بحری راستوں اور تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے کیا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن محافظُ البحر کا بنیادی مقصد توانائی کی ترسیل کے تسلسل اور سمندری مواصلاتی راستوں (سی لائنز آف کمیونیکیشن) کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندری راستوں کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے بحری راستوں کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ آپریشن پاکستان نیوی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے اشتراک سے کیا جارہا ہے۔ پاک بحریہ کی نگرانی میں تجارتی جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنائی جارہی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے یہ بھی بتایا کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز دو تجارتی جہازوں کو سیکیورٹی اسکواڈ فراہم کر رہے ہیں جن میں سے ایک تجارتی جہاز آج کراچی پہنچنے والا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی اور ان کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنارہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا پاک بحریہ موجودہ بحری صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ابھرتے ہوئے بحری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پاک بحریہ قومی جہاز رانی اور علاقائی بحری سیکیورٹی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

متعلقہ خبریں