Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ناسا کا 14 سال پرانا سیٹلائٹ آج زمین سے ٹکرائے گا

پروب اے کی جڑواں وین ایلن پروب بی کی 2030 سے پہلے زمین پر واپس آنے کی توقع نہیں۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کا 1323 پاؤنڈ وزنی خلائی جہاز وین ایلن پروب اے 14 سال تک مدار میں رہنے کے بعد آج زمین سے ٹکرانے والا ہے۔

ناسا کے سائنسدانوں کے مطابق یہ خلائی جہاز منگل کو شام 7:25 بجے کے قریب زمین کی فضا میں دوبارہ داخل ہوگا تاہم اس میں 24 گھنٹے تک تاخیر کا بھی امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹکراؤ سے نقصان کا امکان 4200 میں سے ایک ہے کیونکہ خلائی جہاز کا زیادہ تر حصہ فضا میں داخل ہوتے ہوئے جل کر خاکستر ہوجائے گا تاہم کچھ حصوں کے باقی رہنے کا امکان ہے۔

وین ایلن پروب اے نے 2012 سے 2019 کے درمیان وین ایلن بیلٹس کے ذریعے پرواز کرکے یہ سمجھنے کی کوشش کی کہ زمین کے مقناطیسی میدان میں پھنسے ہوئے چارجڈ ذرات کیسے حاصل اور ضائع ہوتے ہیں۔

ناسا کے سائنسدانوں کے مطابق وین ایلن بیلٹس زمین کو کائناتی شعاعوں، شمسی طوفانوں اور شمسی ہواؤں سے بچاتے ہیں جو انسانوں کے لیے نقصان دہ ہیں اور ٹیکنالوجی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اس مشن کے نتائج سے یہ پیش گوئی کرنے میں مدد ملے گی کہ شمسی سرگرمیاں سیٹلائٹس، خلابازوں اور زمین پر موجود نظاموں جیسے مواصلات، نیویگیشن اور پاور گرڈز کو کیسے متاثر کرسکتی ہیں۔

پروب اے کی جڑواں وین ایلن پروب بی کی 2030 سے پہلے زمین پر واپس آنے کی توقع نہیں ہے۔ ناسا اور اسپیس فورس پروب اے کی واپسی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔