سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے عیدالفطر 2026 کے موقع پر صوبے بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لیے پولیس اور متعلقہ اداروں کو جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ تمام مرکزی مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں تاکہ عید کے اجتماعات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
اس کے علاوہ شاپنگ سینٹرز، عید بچت بازاروں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس ٹرمینلز پر بھی غیرمعمولی حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ عید کے ایام میں موبائل اور موٹر سائیکل گشت میں اضافہ کیا جائے جبکہ نماز عید کے بڑے اجتماعات اور مذہبی مقامات کو مؤثر انداز میں پیٹرولنگ روٹس میں شامل کیا جائے۔
وزیر داخلہ کے مطابق شاپنگ سینٹرز اور دیگر پرہجوم مقامات پر خصوصی سرویلینس ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جبکہ کار اور موٹر سائیکل پارکنگ لاٹس کی سخت نگرانی بھی سیکیورٹی پلان کا حصہ ہوگی۔
انہوں نے قابل اعتراض وال چاکنگ، پوسٹرز اور پمفلٹس کی تقسیم روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مزید برآں عیدالفطر کے موقع پر پولیس رینج کی سطح پر مرکزی کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جو عید کے تینوں دن سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں گے۔















