Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چنیوٹ میں چوری کی انوکھی واردات، سرنگ کھود کر واردات کر ڈالی

ندیم قصائی نے چوری کا انوکھا طریقہ اختیار کرتے ہوئے اپنے گھر کے بیڈ روم سے آڑھت تک سرنگ کھود ڈالی

پنجاب کے ضلع چنیوٹ کے علاقے بھوآنہ میں ایک حیران کن چوری کی واردات سامنے آئی ہے جہاں ملزم نے فلمی انداز مونجی کی بوریاں چرالیں۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ لنگرانہ کی حدود پل منگوآنہ کے قریب ایک نوجوان محمد ندیم قصائی نے چوری کا انوکھا طریقہ اختیار کرتے ہوئے اپنے گھر کے بیڈ روم سے آڑھت تک سرنگ کھود ڈالی۔

دکاندار کے مطابق ملزم نے کئی ماہ تک خاموشی سے سرنگ کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی 45 سے زائد بوریاں مونجی (دھان) چوری کیں۔ جب دکان سے مال کم ہونا شروع ہوا تو کھوج لگانے پر دکان کے اندر سرنگ کا انکشاف ہوا، جو سیدھا ملزم کے بیڈ روم تک جاتی تھی۔

مزید پڑھیں: چوری کا انوکھا واقعہ، اسپتال کے مریض بھی اب محفوظ نہیں رہے

دکاندار کا کہنا ہے کہ سرنگ تقریباً 300 میٹر لمبی تھی اور راستے میں مسجد آنے کی وجہ سے اس میں کئی موڑ بھی تھے۔ مزید یہ کہ اس واردات میں ملزم کی بیوی کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے کیونکہ سرنگ سے اس کے جوتے برآمد ہوئے ہیں۔

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او لنگرانہ سرفراز علی ہرل پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ملزم محمد ندیم کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کی بیوی موقع سے فرار ہو گئی۔

پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے سابقہ ریکارڈ کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔