Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فجیرہ بندرگاہ اور شاہ گیس فیلڈ پر حملے، یو اے ای کی توانائی سپلائی شدید متاثر

ریاستی آئل کمپنی کو پیداوار میں نمایاں کمی کرنی پڑی ہے

خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران متحدہ عرب امارات کے اہم توانائی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں عالمی تیل سپلائی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

گزشتہ روز فجیرہ بندرگاہ پر مسلسل تیسرے حملے کے بعد آئل ایکسپورٹ ٹرمینل میں آگ بھڑک اٹھی جس سے تیل کی لوڈنگ جزوی طور پر معطل ہو گئی۔

دوسری جانب شاہ گیس فیلڈ میں پہلے ہونے والے حملے کے بعد تاحال آپریشنز بند ہیں، جہاں نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

یہ گیس فیلڈ دنیا کے بڑے گیس ذخائر میں شمار ہوتی ہے اور روزانہ لاکھوں مکعب فٹ گیس مقامی نظام کو فراہم کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ان پے در پے حملوں کے باعث یو اے ای کی تیل برآمدات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے والا اہم راستہ متاثر ہو رہا ہے خاص طور پر اس وقت جب آبنائے ہرمز پہلے ہی کشیدگی کے باعث عملی طور پر بند ہو چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ریاستی آئل کمپنی کو پیداوار میں نمایاں کمی کرنی پڑی ہے جبکہ ملک کی یومیہ تیل پیداوار نصف سے بھی کم رہ گئی ہے۔

فجیرہ جو عام حالات میں روزانہ 10 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل برآمد کرتا ہے، اب محدود صلاحیت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

اسی دوران فجیرہ کے قریب ایک کویتی پرچم بردار آئل ٹینکر کو بھی نامعلوم میزائل یا ڈرون نے نشانہ بنایا، جس سے سمندری سلامتی پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 28 فروری سے جاری امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف کارروائیوں کے بعد خلیجی ممالک میں 2000 سے زائد ڈرون اور میزائل حملے ہو چکے ہیں، جن میں تیل تنصیبات، بندرگاہیں، ہوائی اڈے اور دیگر اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں