Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

8 گھنٹے یرغمال، بٹ کوائن چھین لیے گئے! کراچی میں کرپٹو ٹریڈرز بھی غیرمحفوظ

اغوا کاروں نے نہ صرف میرے ہاتھ پاؤں باندھے بلکہ کئی گھنٹوں تک یرغمال بھی بنائے رکھا

کراچی میں ایک کرپٹو ٹریڈر کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ اغوا اور ڈکیتی کے واقعے نے شہر میں ڈیجیٹل سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی پر تشویش بڑھا دی ہے۔

متاثرہ ٹریڈر، جو سوشل میڈیا پر ”مانزی“ کے نام سے معروف ہیں، اس نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے ہائی وے پر اسلحہ بردار افراد نے ایک ڈبل کیبن گاڑی کے ذریعے روکا، ملزمان مجھے زبردستی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اغوا کاروں نے نہ صرف میرے ہاتھ پاؤں باندھے بلکہ کئی گھنٹوں تک یرغمال بھی بنائے رکھا۔ اس دوران مجھ سے میرا موبائل فون اور اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی گئی اور بٹ کوائن ٹرانسفر کرنے پر مجبور کیا گیا۔

ٹریڈر کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مجھ سے بڑی رقم کا مطالبہ بھی کیا اور مجھ پر دباؤ ڈالا کہ میں اپنے دوستوں سے مزید ڈالر منگواؤں۔ تاہم، آخرکار اغوا کار میرے اکاؤنٹ سے تقریباً 13 ہزار ڈالر مالیت کے بٹ کوائن منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

متاثرہ شخص کے مطابق انہیں تقریباً سات سے آٹھ گھنٹے بعد سہراب گوٹھ کے علاقے میں چھوڑ دیا گیا، جہاں سے وہ بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

اس واقعے کے بعد متاثرہ ٹریڈر نے دیگر کرپٹو سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے اور اپنی سیکیورٹی کے لیے اضافی اقدامات، جیسے کہ گارڈ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔