کراچی میں گزشتہ شب آنے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آسمانی بجلی، چھت، دیواریں گرنے سے 23 افراد جاں بحق، معتدد زخمی ہوگئے۔
بلدیہ مدینہ کالونی میں دیوار گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 13 افراد جاں بحق ہوئے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے نشے کے عادی افراد تھے بارش سے بچنے کیلئے گراونڈ کی دیوار کیساتھ جمع ہوگئے تھے کہ اچانک دیوار گر گئی جس سے ملبے تلے دب کر تیرہ افراد جان سے گئےجبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں درختوں اور دیگر عمارتوں کے گرنے کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب ایک درخت گر نے سے دو افراد پھنس گئے، جبکہ محمد علی سوسائٹی کی ٹیپو سلطان روڈ پر ایک بل بورڈ گر گیا۔
دوسری جانب قائد آباد میں گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت شیر ولی اور ریاضت کے نام سے ہوئی کورنگی نمبر 3 میں چھت گرنے سے شیتا نامی خاتون جان سے گئیں، جبکہ ملیر میمن گوٹھ کے قریب کرنٹ لگنے سے حضرت نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔
کورنگی نمبر 5 کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص جان سے گیا، جبکہ گلستانِ جوہر کامران چورنگی میں دیوار گرنے سے چار سالہ بچی جاں بحق ہوگئی کلفٹن نیلم کالونی کے قریب درخت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی، ادھر بھینس کالونی پیرانو گوٹھ میں چھت گرنے سے چار سالہ زینت جان کی بازی ہار گئی۔



















