Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عیدالفطر پر سیاسی قیادت کی مصروفیات؛ کون کہاں عید منائے گا؟

عوام کی طرح ملک کی سیاسی و حکومتی شخصیات بھی مختلف شہروں میں نماز عید ادا کریں گی

پاکستان میں عیدالفطر کل بھرپور مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی اور عوام کی طرح ملک کی سیاسی و حکومتی شخصیات بھی مختلف شہروں میں نماز عید ادا کریں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری حسبِ روایت اپنے آبائی شہر نواب شاہ میں عید منائیں گے، جہاں وہ گزشتہ کئی برسوں سے عیدالفطر کی نماز ادا کرتے آرہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں نماز عید ادا کریں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف جاتی امراء میں عید منائیں گے، تاہم شریف خاندان ماضی میں اکثر عید سعودی عرب میں گزارتا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی جاتی امراء میں موجود ہوں گی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون میں عید کی نماز ادا کریں گے۔

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی سہیل آفریدی پشاور میں نماز عید ادا کرنے کے بعد اپنے آبائی علاقے خیبر جائیں گے جبکہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کوئٹہ میں عید منائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ کے گڑھی خدا بخش میں نماز عید ادا کریں گے جبکہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ملتان میں عید گزاریں گے۔

اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق لاہور میں نماز عید ادا کریں گے جبکہ ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نواب شاہ میں عید منائیں گے۔

اپوزیشن میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد سے ڈی آئی خان جا کر اپنے آبائی گاؤں عبدالخیل میں عید گزاریں گے جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی چمن میں عید منائیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر بونیر میں سیلاب متاثرین کے ساتھ عید گزاریں گے جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ لال حویلی میں موجود ہوں گے، تاہم پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اڈیالہ جیل میں عید منائیں گے۔

ملک بھر میں سیاسی قیادت کی مختلف مقامات پر موجودگی کے پیش نظر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ عوام بھی عید کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں