Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عید پر سفارتکاری بھی عروج پر، شہباز شریف کی مصری صدر سے اہم ٹیلیفونک گفتگو

دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں بدلتی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا

وزیرِاعظم شہباز شریف نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر کے موقع پر ایک دوسرے اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔

گرمجوش اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیرِاعظم نے صدر السیسی اور برادر عوامِ مصر کو عید کی مبارکباد دی، جس پر مصری صدر نے بھی پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو میں وزیرِاعظم نے پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

وزیرِاعظم نے علاقائی اور عالمی امور میں مصر کے مثبت اور تعمیری سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اس کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں بدلتی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں