ملک بھر میں یومِ پاکستان نہایت جوش و خروش اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جہاں قوم اپنے وطن سے محبت کے جذبے کا بھرپور اظہار کر رہی ہے۔
اس موقع پر عوام اس عزم کی تجدید کر رہے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے مزید محنت، اتحاد اور قربانی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ یومِ پاکستان کی تقریبات میں ہر طبقۂ فکر کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے۔
ملک بھر کی مساجد میں نمازِ فجر اور قرآن خوانی کے بعد ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے بھی خصوصی طور پر دعا کی گئی۔
یومِ پاکستان کے موقع پر اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا، جو قومی وقار، اتحاد اور یکجہتی کی علامت کے طور پر نمایاں رہا۔
وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے یوم پاکستان کا آغاز
یومِ پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔ یہ سلامی قومی وقار اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت کے طور پر دی گئی۔
ملک کے طول و عرض میں فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی اور حب الوطنی کا جذبہ اپنے عروج پر رہا۔ مختلف شہروں میں یہ مناظر قومی اتحاد اور یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کرتے نظر آئے۔
اس موقع پر نمازِ فجر میں ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں، جبکہ پوری قوم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔
مزارِ قائد پر گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ کی حاضری، قومی یکجہتی پر زور
یومِ پاکستان کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے حاضری دے کر بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار تعمیری ہوگا اور وہ صوبے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
مزید پڑھیں: یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان نیوی نے خصوصی ویڈیو جاری کردی
انہوں نے کہا کہ وہ آئینی حدود میں رہ کر ذمہ داریاں ادا کریں گے اور کسی صورت خود کو آئین سے بالاتر نہیں سمجھیں گے۔ گورنر سندھ نے قوم کو 23 مارچ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنے اسلاف کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور اس عہد کی تجدید کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کا مزارِ قائد پر استقبال کیا۔ اس موقع پر کابینہ اراکین اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا خواب ایک عظیم ریاست کا قیام تھا، جسے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے اپنی جدوجہد سے آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یہ جدوجہد جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد ناگزیر ہے اور پاکستان کی ترقی کے لیے قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور ملک کو معاشی و سماجی طور پر مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ نوجوان نسل کو قائداعظم کے نظریات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مراد علی شاہ نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کی اور افغانستان میں دہشتگرد ٹھکانوں کے خلاف کارروائیوں پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
یومِ پاکستان پر مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
یومِ پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی محمد شاہد افضل (ایئر وائس مارشل) تھے، جنہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔
مہمانِ خصوصی کو مزارِ اقبال پر سلامی بھی پیش کی گئی، جبکہ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، جس نے تقریب کے وقار میں مزید اضافہ کیا۔
الحمرا آرٹس کونسل میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب
لاہور میں الحمرا آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جوش و جذبہ بھرپور انداز میں نظر آیا۔
تقریب کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے پرچم کشائی کی، جبکہ بینڈ پرفارمنس میں قائدینِ پاکستان کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر عمیر حسن اور محمد عارف سمیت افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ محمد نواز گوندل کا کہنا تھا کہ یومِ پاکستان قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا مظہر ہے، جو ہمیں اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کا پیغام دیتا ہے۔

















