پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 مارچ سے 26 مارچ کی صبح تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ 28 سے 30 مارچ کے دوران بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال اور تلہ گنگ سمیت گجرانوالہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جس کے پیش نظر کسانوں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سیاحوں کو شمالی علاقہ جات کے سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جائے۔


















