Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران-امریکا جنگ بندی کیلئے پاکستان کا اہم سفارتی کردار، شٹل ڈپلومیسی تیز

ترکیہ اور مصر بھی پاکستان کے ساتھ مل کر شٹل ڈپلومیسی میں سرگرم ہیں

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان خطے میں اہم سفارتی مرکز بن کر سامنے آیا ہے، جہاں جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکا اور ایران کی قیادت سے براہِ راست رابطے قائم کیے ہیں اور عارضی تعطل کے دوران دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ اور مصر بھی پاکستان کے ساتھ مل کر شٹل ڈپلومیسی میں سرگرم ہیں، اور مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی پاور انفراسٹرکچر پر حملے 5 روز کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔

واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطہ کاری میں پاکستان کو کلیدی حیثیت حاصل ہو چکی ہے، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی اعلیٰ سطحی روابط کے حوالے سے کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اگر دونوں فریق آمادہ ہوں تو پاکستان اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کے امریکا اور ایران دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات، اور ایران کے ساتھ جغرافیائی قربت، اسے خطے میں ایک اہم ثالث بناتے ہیں۔ اسی تناظر میں پاکستان کو ایک نیٹ سیکیورٹی اسٹیبلائزر کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

تاہم ابتدائی پیش رفت کے باوجود جنگ بندی کا معاملہ ابھی واضح نہیں، کیونکہ امریکا نے حملے مشروط طور پر روکے ہیں جبکہ ایران نے تاحال باضابطہ طور پر مذاکرات پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان، تہران اور واشنگٹن کے درمیان متعدد سفارتی چینلز کھل چکے ہیں اور رابطے مسلسل جاری ہیں۔