صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کے لیے مختلف عسکری اعزازات کا اعلان کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے 11 افسروں و جوانوں کو ستارۂ بسالت، 475 افسروں و جوانوں کو تمغۂ بسالت، 130 افسروں و جوانوں کو امتیازی اسناد اور 378 افسروں و جوانوں کو آرمی چیف کمنڈیشن کارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح اعلیٰ عسکری اعزازات میں 23 افسران کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 100 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری)، 136 افسران کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ستارۂ بسالت حاصل کرنے والوں میں نمایاں ناموں میں میجر کامل حسین، میجر سبطین حیدر (شہید)، میجر حمزہ اسرار (شہید)، میجر عدنان اسلم (شہید)، کیپٹن حسنین اختر (شہید)، حوالدار علی بلاول (شہید)، نائیک بخت زمین (شہید)، سپاہی رحمان زادین (شہید)، سپاہی ثقلین حکم داد (شہید)، ریئر ایڈمرل محمد سہیل ارشد اور ریئر ایڈمرل مظہر محمود ملک شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعزازات قومی سلامتی، بہادری اور غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیے گئے ہیں۔



















