Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو سزاؤں کی شدید مذمت

کشمیری قیادت کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں دراصل سیاسی انتقام کا حصہ ہیں

پاکستان نے دہلی کی ایک عدالت کی جانب سے کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید اور ان کی دو ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور نہیدہ نسرین کو 30، 30 سال قید کی سزائیں سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نام نہاد یو اے پی اے قانون کے تحت دی گئی یہ سزائیں انصاف کا قتل ہیں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی عکاسی کرتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ فیصلہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا ایک اور ثبوت ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیری قیادت کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں دراصل سیاسی انتقام کا حصہ ہیں، جن کا مقصد آزادیٔ رائے کو دبانا ہے۔ ترجمان نے عدالتی شفافیت اور منصفانہ ٹرائل کے عمل پر بھی سنگین سوالات اٹھائے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت، دختران ملت کی رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا، انسانی حقوق کے حلقوں کا شدید ردعمل

دفتر خارجہ کے مطابق آسیہ اندرابی کشمیری کاز کی ایک نمایاں آواز ہیں، اور ان کے خلاف اس طرح کے اقدامات نہ صرف غیر منصفانہ ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

بیان کے اختتام پر پاکستان نے کشمیری عوام کے اظہارِ رائے کے حق، منصفانہ ٹرائل اور حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔