کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کراچی کے مختصر دورے پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی میں فیصل بیس پر اترے۔ متوقع موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم کا دورہ مختصر کر دیا گیا ہے۔
آج شام ساڑھے چھ بجے ایم کیو ایم پاکستان کا وفد وزیراعظم سے ملاقات کرے گا۔ وفد کی قیادت چیئرمین خالد مقبول صدیقی کریں گے جب کہ وفد میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، سید امین الحق، فیصل سبزواری اور سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری شامل ہوں گے۔
ملاقات میں کراچی کے لیے ترقیاتی پیکج دینے کے ساتھ ساتھ مختلف امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
وزیراعظم اس دورے کے دوران پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن سے ان کی صاحبزادی کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کے گھر جائیں گے اور ان کی بیٹی کی شادی کی مبارکباد دیں گے۔


















