پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا تیسرا میچ پشاور زلمی نے راولپنڈیز کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر جیت لیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں راولپنڈیز نے دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز اسکور کیے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 215 رنز کا ہدف دے دیا۔ جس کو پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈیز نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، راولپنڈیز کی پہلی وکٹ 125 کے مجوعی اسکور پر گری، راولپنڈیز کی جانب سے یاسر خان نے 46 گیندوں پر 83 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
کپتان محمد رضوان 32 گیندوں پر 41 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کامران غلام نے 20 گیندوں پر 37 رنز بنائے، ڈیرل مچل 23 رنز بناسکے، سیم بلنگ 18 اور عبداللہ فضل 5 رنز بنا رک ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے 42 رنز دے کر 2، ارون ہرڈل اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پشاور زلمی نے نے پہاڑ سا ہدف باآسانی 19 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا، پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث 47، بابر اعظم 39، کشل مینڈس 31، میکائیل براسویل 35 اور عبدالصمد 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میکائیل براسویل 35 اور عامر جمیل 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، راولپنڈیز کی جانب سے عماد بٹ نے 2 اور محمد عامر، آصف آفریدی اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔
اس ایڈیشن میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک گروپ میں لاہور قلندرز، کراچی کگنز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اور پشاور زلمی شامل ہیں جبکہ دوسرے گروپ میں حیدر آباد کنگز مین، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی زی شامل ہیں۔
ہر ٹیم گروپ کی دیگر ٹیموں کے ساتھ دو میچ اور دوسرے گروپ کی ٹیموں کے ساتھ ایک میچ کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کے بعد کوالیفائر اور دو ایلیمنیٹرز کے ذریعے فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا۔ اس ایڈیشن میں 44میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے نصف لاہور اور نصف کراچی کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔
نائٹ میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے جبکہ پہلے میچ کا آغاز دوپہر 2:30 بجے ہوگا۔
پہلی بار لیگ میں فرنچائزز کے لیے علیحدہ انعامات رکھے گئے ہیں، جس میں فاتح فرنچائز کو پانچ لاکھ ڈالر، رنرز اپ کو تین لاکھ ڈالر اور بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ کے لیے دو لاکھگ ڈالر دئیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹ وننگ انعام پانچ لاکھ ڈالر ہوگا۔
یاد رہے کہ راولپنڈیز اور حیدرآباد کنگز مین پہلی بار پی ایس ایل میں حصہ لے رہے ہیں۔
بابر اعظم اب تک 100 میچز کھیل کر رنز کے چارٹ میں سب سے آگے ہیں جبکہ فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک اور رلی راسو بھی نمایاں ہیں۔ بولنگ میں حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور شاداب خان 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز ہیں۔

















