ملک بھر میں آج زمین سے محبت کے اظہار کے لیے ارتھ آور منایا جائے گا جس کے لیے رات 8:30 سے 9:30 بجے تک روشنیاں بند کی جائیں گی۔
ماحولیاتی چیلنجز سے بھرپور اس دور میں ارتھ آور یاد دہانی کراتا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے۔
رواں برس ارتھ آو زمین کے لیے ایک گھنٹہ صرف کریں کے عنوان سے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے مؤثر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
ارتھ آور محض ایک علامتی تحریک نہیں بلکہ یہ عالمی سطح کا لمحہ فکریہ ہےجو ایک پائیدار اور مضبوط ماحولیاتی مستقبل کے لیے تجدید عزم کا موقع فراہم کرتا ہے ایسے شعوری اقدامات کا مجموعی اثر ایک بڑی مثبت معاشرتی تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بگاڑ کو سدھارنے کے لیۓ آج ہمارے کیے گئے فیصلے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈہ پر کام کر رہی ہے۔
ماحول کی بحالی اور ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیۓ حکومت کے عملی اقدامات میں ’’اپ اسکیلنگ گرین پاکستان‘‘ پروگرام، ’’لیونگ انڈس انیشی ایٹو‘‘اور ’’ریچارج پاکستان‘‘اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جدید وارننگ سسٹمز کی تنصیب جیسے منصوبے شامل ہیں۔
آئیں ہم سب مل کر عالمی مہم میں بھرپور شرکت کریں آج کے ماحول دوست پیغام کو ایک مستقل طرز عمل میں بدل دیں اور اپنے لیے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز، محفوظ اور مضبوط و توانا پاکستان کی بنیاد رکھیں۔
دریں اثناء صدر آصف علی زرداری نے ’’ارتھ آور‘‘ کے موقع پر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کرہ ارض کے تحفظ کے لیے آج رات ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند رکھیں۔
صدرِ مملکت نے خصوصی پیغام میں کہا کہ ماحول کے تحفظ اور توانائی کی بچت کیلئے انفرادی اور اجتماعی اقدامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں رات ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک غیر ضروری لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے عوام سے بجلی کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔



















