Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم امہ کا اتحاد موجودہ صورتحال میں اہمیت اختیار کر گیا ہے، اسحاق ڈار

 نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں مسلم امہ کا اتحاد پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے، اور خطے میں جاری کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ چار فریقی اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، جہاں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں نہ صرف موجودہ کشیدگی بلکہ اس کے عالمی سطح پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ اس بات پر زور دیا گیا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف سفارتی رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے فروغ کے لیے بھی کوششیں کر رہا ہے۔

نائب وزیراعظم نے مزید بتایا کہ چین بھی پاکستان کے تعمیری کردار کی حمایت کر رہا ہے، جبکہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور مسلم ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ خبریں