Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک لیٹر میں 1000 کلو میٹر، طلبا کی بنائی گئی گاڑی نے دنیا کو حیران کر دیا

طلبا کی تیار کردہ یہ گاڑی ایک خصوصی انجینئرنگ مقابلے کے لیے بنائی گئی ہے

جہاں دنیا بھر کی آٹو انڈسٹری الیکٹرک گاڑیوں کے مستقبل پر کام کر رہی ہے وہیں امریکی طلبا نے ایک ایسی منفرد گاڑی تیار کر کے سب کو چونکا دیا ہے جو انتہائی کم ایندھن میں غیرمعمولی فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

امریکی ریاست یوٹاہ میں بریگھم ینگ یونیورسٹی کے طلبا کی تیار کردہ سپر مائلیج گاڑی اپنی حیرت انگیز فیول ایفیشنسی کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ یہ گاڑی روایتی کاروں سے بالکل مختلف انداز میں ڈیزائن کی گئی ہے تاکہ ایندھن کا استعمال کم سے کم ہو اور زیادہ سے زیادہ فاصلہ حاصل کیا جا سکے۔

اس گاڑی کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا انتہائی ہلکا وزن ہے، جو محض 49 کلوگرام ہے۔ اس کے علاوہ اس کا ایروڈائنامک ڈیزائن ہوا کی مزاحمت کو کم کرتا ہے، جس سے توانائی کا ضیاع نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گاڑی کا فیول ٹینک صرف 30 ملی لیٹر ایندھن رکھ سکتا ہے جو ایک چھوٹی سی ٹیسٹ ٹیوب کے برابر ہے۔ یہی معمولی مقدار تقریباً 32 کلومیٹر کا سفر کرانے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔

طلبا کی تیار کردہ یہ گاڑی ایک خصوصی انجینئرنگ مقابلے کے لیے بنائی گئی ہے جس میں مختلف ٹیمیں کم سے کم ایندھن استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اسی چیلنج کے دوران یہ گاڑی ایک لیٹر ایتھانول ایندھن میں تقریباً 914 کلومیٹر چلنے کی صلاحیت دکھا چکی ہے۔

اس غیرمعمولی کارکردگی کے حصول کے لیے گاڑی میں عام کاروں کی بیشتر سہولتیں شامل ہی نہیں کی گئیں۔ وزن کم رکھنے کی خاطر ڈیزائن کو انتہائی سادہ رکھا گیا، جبکہ ڈرائیور کے قد اور وزن کے لیے بھی مخصوص حدود مقرر کی گئیں تاکہ گاڑی کی مجموعی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ مستقبل کی توانائی بچانے والی ٹیکنالوجیز کے لیے اہم تجربہ ثابت ہو سکتا ہے اگرچہ یہ گاڑی فی الحال عام سڑکوں کے بجائے تحقیق اور مقابلوں تک محدود ہے۔

متعلقہ خبریں