Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان آرمی نے انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلے میں پاکستان آرمی کی ٹیم نے تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے

پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں منعقدہ انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ مقابلہ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مجموعی چیمپئن شپ سمیت تمام بڑے اعزازات اپنے نام کر لیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی کی نمائندگی پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کی ٹیم نے کی جس نے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ، برطانیہ میں منعقدہ سالانہ بین الاقوامی مقابلے میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پی ایم اے کی ٹیم نے کلین سویپ کرتے ہوئے اوور آل ٹیم ٹرافی میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بہترین پیس اسٹکر اور بہترین ڈرائیور کے انفرادی اعزازات بھی اپنے نام کیے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ9 رکنی پاکستانی دستے کی قیادت ایڈجوٹنٹ پی ایم اے میجر حیدر گلزار نے کی۔ ٹیم 5 جون 2026 کو برطانیہ پہنچی تھی اور مقابلے کی تیاریوں میں بھرپور حصہ لیا۔

سنسنی خیز سالانہ مقابلے میں مختلف ممالک کی افواج کی 16 بین الاقوامی ٹیموں نے شرکت کی تاہم پاکستانی ٹیم نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مہارت اور عمدہ ٹیم ورک کی بدولت نمایاں کامیابی حاصل کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ٹیم کی کامیابی پاک افواج کی پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ معیار، مہارت اور غیر معمولی لگن کی عکاس ہے۔