امریکی شراب خانے میں ریکون نے شراب کی کئی بوتلیں چٹ کرکے تباہی مچا دی ۔ ریکون شراپ پی کر مست ہوگیا اور پورے شراب خانے کا حلیہ ہی بگاڑ دیا۔
یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں اس وقت پیش آیا جب ایک ریکون شراب کی دکان میں گھس گیا۔
بس پھر کیا تھا ریکون نے شراب خانے میں گھستے ہی بھاری مقدار میں شراب چٹ کرلی اور بد مست ہوگیا۔
شراب کی بوتلوں کے ساتھ خوب غل غپاڑا مچایا اور توڑ پھوڑ اور تباہی الگ مچا دی ۔ اس ہنگامہ آرائی کے بعد وہ خود بھی مدہوش ہوگیا۔
شراب خانے کا مالک جب اپنی دکان میں داخل ہوا تو منظر دیکھ اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی ۔ اسے ریکون باتھ روم کے قریب منہ کے بل مد ہوش پڑاملا۔
ریکون نے شراب کی 14 بوتلیں توڑ دیں جن کی مالیت تقریباً 250 ڈالر تھی۔ شیلف بکھیردیے اور کئی ڈبے الٹ پلٹ دیے۔ وہ دکان کی چھت توڑ کر اندر داخل ہوا
اس سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات کا بھی بیان سامنے آگیا۔ حکام کے مطابق ریکون شراب چٹ کرجانے کے بعد کچھ گھنٹے مد ہوش رہا۔ اس کے جسم پر کسی چوٹ کے آثار نہیں ملے۔
بعد میں ریکون کو بحفاظت جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔ مذکورہ واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تصاویر وائرل، سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان ،دلچسپ تبصرے
محکمہ جنگلی حیات نے واقعے کی تصاویر جاری کیں۔ جن میں ریکون کو شراب چٹ کرنے کے بعد مدہوش دیکھاگیا۔
تصویر میں دکان کا ایک حصہ ٹوٹی ہوئی بوتلوں سے بھرا ہوا تھا۔ان تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ تبصرے کیے ۔
ایک صارف نے کہا کہ شرابی ریکون پر قانونی دفعات کے تحت کارروائی ہونی چاہیے ۔ ایک صارف نے لکھا پی کر مدہوش ہونا مسئلہ نہیں پی کر غل غپاڑہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔




















