ڈزنی پلس اور ہولو نے مشہور ہالی ووڈ فلم ’ہوم الون‘ کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر شائقین کے لیے ایک منفرد اور دلکش تحفہ کے طور پر دنیا کا سب سے بڑا جنجر بریڈ ہاؤس تعمیر کیا ہے جو فلم کے مک کیلسٹر ہاؤس کی طرح دکھتا ہے۔
جیسے جیسے کرسمس کے دن قریب آرہے ہیں، اس حوالے سے تیاریاں بھی زورشور سے جاری ہیں، اور اسی مناسبت سے کوئی نہ کوئی ریکارڈ بھی قائم ہورہا ہے ایسا ہی ایک اعزاز ہوم الون کے جنجر بریڈ ہاؤس نے حاصل کر لیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا جنجر بریڈ ہاؤس ہے، یہ عمارت تقریباً 34 فٹ لمبی، 58 فٹ چوڑی اور 22 فٹ اونچی ہے۔ حجم اور ساخت کے اعتبار سے یہ جنجر بریڈ ہاؤس اصل فلم میں دکھائے گئے میک کیلسٹر خاندان کے گھر کی یاد تازہ کرتا ہے، جس نے 1990 کی دہائی میں بچوں اور بڑوں سب کے دل جیت لیے تھے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق 8 دن کی محنت بعد یہ شاہکار تیار ہوا ہے جس نے دنیا کے سب سے بڑے جنجر بریڈ ہاؤس ہو نے کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرون سے بنے دنیا کے سب سے بڑے جنجر بریڈ ہاؤس نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا
یہ ہاؤس ہالی ووڈ میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے اور اس میں 7,350 پاؤنڈ آٹا، 6,600 سے زیادہ انڈے، 20 گیلن خوردنی گلو اور 10 پاؤنڈ فانڈنٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جنجر بریڈ ہاؤس ایک منفرد گھر ہوتا ہے جس کی ہر شے کھانے کے قابل ہوتی ہے یہ کوکی ڈو سے بنایا جاتا ہے اور اسے آئسنگ اور مٹھائیوں سے سجا کر تیار کیا جاتا ہے۔ یہ کرسمس کی سجاوٹ کے طور پر بہت مقبول ہے اور جرمن کہانی ہنسل اور گریٹل سے جڑا ہوا ہے، جہاں بچے ایک جادوئی جنجر بریڈ کے گھر میں چلے جاتے ہیں۔




















