Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جینز کو پرانا دکھانے کیلئے شیل فش کے خول کا حیران کن استعمال

اس تجربے میں مچھلی کے خول کی ریت زیادہ کارگر ثابت ہوئی جس کی کم مقدار نے جینزکو خوبصورت بلکہ نرم بھی بنادیا۔

آپ نے غور کیا ہوگا جب بھی آپ جینز خریدتے ہیں تو اس کا رنگ فیڈڈ اور کپڑا پرانا  دکھائی دیتا ہے اور یہی اس کی اصل خوبصورتی ہے، تاہم جینز کے رنگ کو پرانا بنانے کے لیے ایک خاص عمل سے گزارا جاتا ہے، جس کے لیے اب سمندری مسلز کے خول کا استعمال کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جینز کو دنیا بھر میں روزمرہ لباس کا ایک اہم حصہ سمجھا جاتا ہے،  جوکہ ڈینم کپڑے سے تیار کی جاتی ہے۔

مسلز کا تعلق شیل فش سے ہے جس کے خول پہلے پھینک دیے جاتے تھے، تاہم اب ان خول کو جینز کو لائیوڈ ان یعنی موسم کے لحاظ سے تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

عام طور پر، جینز کو ریت سے صاف کرنے کے لیے سینڈ بلاسٹک کے عمل سے گزارا جاتا ہے۔

 سینڈ بلاسٹنگ کا عمل ایک مکینیکل فِنشنگ تکنیک ہے، جس کے ذریعے کپڑے کی سطح پر تیز رفتاری اور زیادہ دباؤ کے ساتھ کھردرا مادہ پھینکا جاتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں جینز کو پرانا، گھسا ہوا یا مدھم (فِیڈڈ) انداز دیا جاتا ہے، جو فیشن کے لحاظ سے خاصا مقبول ہے۔

پہلے اس عمل کے لیے سادہ سیلیکا ریت استعمال کی جاتی تھی، لیکن اس کی وجہ سے ملازمین میں مہلک بیماری ’’سیلیکوسس‘‘ کے کیسز بڑھنے لگے، جس کے بعد اب کچھ کارخانوں میں سیلیکا ریت کے بجائے گارنیٹ ریت کا استعمال کیا جا رہا ہے، جو سیلیکا سے پاک اور زیادہ محفوظ ہے، لیکن یہ مہنگی ہونے کے ساتھ غیر تجدید شدہ بھی ہے۔

تاہم اسپین کی یونیورسٹی آف دی بسک کنٹری کے سائنسدانوں نے اس کے متبادل کے طور پر، مچھلی کے خولوں کا استعمال شروع کیا ہے جو پہلے لینڈ فلز میں استعمال کے لیے پھینک دیے جاتے تھے۔

استعمال سے قبل سائنسدانوں نے ان خول کو دھونے، اسٹیرلائزکرنے کے بعد پیس کر ریت بنائی پھر اسے جینز پر ریت کی طرح پھینکا گیا، جس کے حیران کن نتائج سامنے آئے۔

اس تجربے میں مچھلی کے خول کی ریت زیادہ کارگر ثابت ہوئی جس کی کم مقدار نے جینزکو خوبصورت بلکہ نرم بھی بنادیا۔

مسلز کے خول کی ریت کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے کئی بار استعمال کیا جاسکتا ہے اور آسانی سے کمپوسٹ بھی کی جا سکتی ہے۔

سائنسدانوں نے اس تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا کہ مسلز کے خول کی ریت دیگر صنعتوں میں مشینری کے حصوں یا جہازوں کی صفائی کے لیے بھی سے استعمال کی جاسکتی ہے۔