دنیا میں ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو کچھ منفرد کام کرکے مقبول ہونا چاہتے ہیں انہی میں الینوائے سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے جنہوں نے ٹوتھ پکس کی مدد سے 17.32 فٹ اونچا ایفل ٹاور بنا کر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
الینوائے میں نیپرویل کے رہائشی ایرک کلا بیل نامی نوجوان نے تقریباً 20 ہزار ٹوتھ پکس استعمال کر کے 17.32 فٹ اونچا ایفل ٹاور سے ملتا جلتا نمونہ بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرادیا۔
ایرک کلا بیل کا کہنا تھا کہ ان کے والد سول انجینئر ہیں اورانہوں نے ایرک کو کم عمری سے ہی تعمیراتی کاموں میں دلچسپی لینے کی جانب راغب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی شخص نے داڑھی میں ٹوتھ پکس لگا کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا
ایرک نے کہا کہ جب وہ چھوٹے تھے تو انہیں پاپسیکل اسٹکس سے چیزیں بنانے کا بہت شوق تھا، تاہم 2021 میں، جب ان کی عمر صرف 12 سال تھی، انہوں نے پاپسیکل اسٹکس سے 20.2 فٹ اونچا ٹاور بنایا اور اپنا پہلا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، لیکن یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
تاہم اکتوبر میں ایرک نے ٹوتھ پکس استعمال کرتے ہوئے اپنا دوسرا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاپسیکل اسٹکس کی نسبت ٹوتھ پکس چھوٹی ہونے کی وجہ سے استعمال میں خاصی مشکل تھی، اس کے باوجود ایرک نے ٹوتھ پکس اور گوند کی مدد سے 17.32 فٹ اونچا ایفل ٹاور تیارکر کے ایک منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔




















