Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فلمی کہانی حقیقت میں، 12 سالہ بچے نے کرسمس چور پکڑوا دیا

ہالی ووڈ کی مشہور فلم ہوم الون کی طرح ایک حقیقی واقعہ گزشتہ دنوں نیویارک میں پیش آیا۔

ہالی ووڈ کی فلموں کے طرح نیویارک میں ایک 12 سالہ بچے نے اپنی ہوشیاری سے کرسمس چور کو پکڑوا دیا۔

ہالی ووڈ کی مشہور فلم ہوم الون میں دیکھا گیا تھا کہ ایک کمسن بچہ گھر میں اکیلا رہ کر چوروں کو ناکام بناتا ہے، اسی طرح ایک حقیقی واقعہ گزشتہ دنوں نیویارک میں پیش آیا۔

یہاں 12 سالہ لڑکے نے اپنی ہوشیاری سے نہ صرف گھر میں گھسنے والے چور کو ناکام بنایا بلکہ اسے پولیس کے حوالے بھی کروا دیا۔

میڈفورڈ میں رہنے والے ٹرسٹن ٹیلر اس وقت چوکس ہوا جب اس نے اپنے گھر کے کچن کی کھڑکی ٹوٹنے کی آواز سنی اور پھر اندر کسی کے چلنے کی علامات محسوس کیں۔

گھبرانے کے بجائے ٹرسٹن نے فوراً فیصلہ کیا اور بیڈروم کی کھڑکی سے باہر نکل کر چور کی موجودگی کی تصدیق کی۔

لڑکے نے فوری طور پر ایمرجنسی سروس 911 کو کال کی اور پولیس کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے جلدی پہنچنے کی درخواست کی۔

پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 53 سالہ کرسچن گارسیا رنگے ہاتھوں گرفتار ہوگیا۔ چور پر تھرڈ ڈگری چوری اور چوروں کے اوزار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ٹرسٹن کے چالاکانہ اقدام کی وجہ سے نہ صرف گھر کی حفاظت ممکن ہوئی بلکہ کرسمس کے موقع پر ہونے والا یہ واقعہ بھی افسوسناک انجام سے بچ گیا۔