Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا کی سب سے طویل زیپ لائن تیار

دنیا کی سب سے طویل زیپ لائن پر سوار ہونے کی قیمت 1800 رین تقریباً 100 امریکی ڈالرہے

دنیا کی سب سے طویل 2 میل لمبی زیپ لائن تیارجس پر سفر کی رفتار93 میل فی گھنٹہ  ہے۔

جنوبی افریقہ کے ویسٹرن کیپ کے اووربیرگ پہاڑوں میں کے تھری کو دنیا کی سب سے طویل زیپ لائن کا ریکارڈ حاصل ہے جو 3.2 کلومیٹر (2 میل) طویل ہے۔

زیپ لائن پلی سے جڑی ایک کیبل ہوتی ہے جو دو اونچے مقامات کے درمیان لگائی جاتی ہے یہ عموماً اسٹینلیس اسٹیل سے بنی ہوتی ہے۔

اس کا مقصد کسی شخص یا سامان کو کششِ ثقل کی مدد سے نیچے کی طرف پہنچانا ہوتا ہے، زیپ لائن کا استعمال تفریح، نقل و حمل یا لاجسٹکس کے لیے کیا جاتا ہے۔

یہ لائن دنیا کے سب سے بلند زیپ لائن پروجیکٹس میں سے ایک ہے جسے 2024 میں کے تھری کو ایس اے فارسٹ ایڈونچرز اور موسیل بے زیپ لائن کے مشترکہ منصوبے کے طور پر شروع کیا گیا۔ اس کی تیاری میں چھ سال کا وقت لگا، جس میں منصوبہ بندی، منظوریوں اور تنصیب کا عمل شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: الینوائے کے نوجوان نے ٹوتھ پکس سے ایفل ٹاور بنا کرعالمی اعزاز اپنے نام کر لیا

 اب ویسٹرن کیپ میں دنیا کی سب سے سنسنی خیز زیپ لائن موجود ہے، جو لوگوں کو اووربیرگ پہاڑوں میں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ (150 کلومیٹر فی گھنٹہ تک، وزن اور موسم کی حالت کے مطابق) کی رفتار سے سفر کی اجازت دیتی ہے۔

زیپ لائن پر سوار ہونے کے دوران ابتدائی طور پر رفتار دھیرے دھیرے بڑھتی ہے، لیکن کچھ ہی دیر میں رفتار تیز ہو جاتی ہے اور درخت اور پہاڑی منظر دھندلے نظر آنے لگتے ہیں۔

زیپ لائن اس طرح ڈیزائن کی گئی ہے کہ اختتام کے قریب آتے ہی رفتار خود بخود کم ہو جاتی ہے اور وہاں اسٹاف کا ایک رکن سوار کو محفوظ طریقے سے نیچے اُترنے میں مدد دیتا ہے۔

دنیا کی سب سے طویل زیپ لائن پر سوار ہونے کی قیمت 1800 رین (تقریباً 100 امریکی ڈالر) ہے، لیکن اس کے لیے کچھ شرائط ہیں۔ زیب لائن استعمال کرنے کا وزن کم از کم 40 کلوگرام، جبکہ زیادہ سے زیادہ 120 کلوگرام ہونا چاہیے، اس کے علاوہ وہ مکمل طور پر ہوش میں ہونے کے ساتھ، کسی جسمانی معذوری یا دل کے مرض میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایس اے فارسٹ ایڈونچرز اس وقت 5 کلومیٹر طویل زیپ لائن پر کام کر رہی ہے تاکہ یہ دنیا کی سب سے طویل زیپ لائن کا اعزاز برقرار رکھ سکے۔