Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جی پی ایس نے سیاحوں کو راستے سے بھٹکا دیا

جی پی ایس نیویگیشن سسٹم بے شک جدید اور مصروف زندگی میں سہولت فراہم کرتا ہے

دنیا بھر میں جی پی ایس کا استعمال راستہ تلاش کرنے اور منزل مقصود پر پہچنے کے لیے کیا جاتا ہے تاہم کبھی کبھی یہ آپ کو بھٹکا بھی سکتا جیسا ان خواتین سیاح کے ساتھ ہوا۔

حال ہی میں تین تائیوانی خواتین سیاحوں نے جی پی ایس کے حوالے سے ایک عجیب واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی کے جی پی ایس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے برف سے ڈھکی ڈھلوان پر پہنچ گئیں۔

جی پی ایس نیویگیشن سسٹم بے شک جدید اور مصروف زندگی میں سہولت فراہم کرتا ہے،  تاہم یہ کبھی کبھار اپنے صارفین کو ایسی پیچیدہ صورتحال میں ڈال دیتا ہے جس کا ان کے لیے تصور بھی ممکن نہیں ہوتا۔

 تین تائیوانی خواتین کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، جو اپنے گاڑی کے جی پی ایس کی ہدایات پر چلتے ہوئے اینڈورا کے بورڈز انوالیرا کے علاقے میں اسکی سلوپ پر جا پہنچیں۔

6  جنوری کو ایمرجنسی سروسز کو اس علاقے سے متعدد کالز موصول ہوئیں، جن میں بتایا گیا کہ ایک گاڑی برف پر پھنس گئی ہے اور یہ راستے سے بھٹک کر روڈ سے دور نکل گئی ہے۔

 ایمرجنسی ٹیم نے صورتحال کی تصدیق اور مسافروں کی خیریت جاننے کے بعد انہیں اس صورتحال سے بچانے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: چینی’’بیدو‘‘ سسٹم نے امریکی جی پی ایس کادنیاپر30 سالہ کنٹرول ختم کردیا

گاڑی کو دوبارہ راستے پر واپس لانا ایک پیچیدہ عمل تھا جس کے لیے تین کرینز اور تین گھنٹے سے زائد کا وقت درکار تھا۔ اور یہ سب کچھ صرف ایک  جی پی ایس نیویگیشن سسٹم کی ہدایات اور ان تین سیاحوں کی غیر تجربہ کاری کی وجہ سے پیش آیا تھا کیونکہ وہ برف میں پھنس جانے کے باوجود سسٹم کی ہدایات کی پیروی کرتی رہیں۔

خوش قسمتی سے، اس ساری صورتحال میں سب ہی محفوظ رہیں اور تینوں خواتین سیاح اپنے کرائے کی گاڑی کے ساتھ ایک تصویر بھی کھنچوا کر ریسکیو کے بعد خوشی خوشی واپس روانہ ہو گئیں۔

 تاہم ان تنیوں خواتین کے لیے یہ ایک ناقابل فراموش تجربہ ضرور ہوگا جسے وہ کبھی نہیں بھول پائیں گی، تاہم یہ جی پی ایس استعمال کرنے والوں کے لیے ایک یاد دہانی بھی ہے ان ہدایات پر عمل کرتے وقت عقل کا استعمال بھی کرنا چاہیے، خاص طور پر جب آپ کسی اجنبی علاقے میں سفر کر رہے ہوں۔