سوشل میڈیا کے آنے کے بعد سے ہر روز ہی کوئی نہ کوئی ایسا واقعہ سامنے آتا ہے جو عوام کی حیرانی کا باعث بنتا ہے ایسا ہی ایک واقعہ چین میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو سوشل میڈیا پر اپنے بے وفا شوہر سے معافی مانگنے پر مجبور کیا گیا، تاہم یہ عمل اسے خاصا مشہور کر گیا۔
کہانی کا آغاز یوں ہوتا ہے کہ جب نیو نا نامی چینی خاتون کویہ علم ہوا اس کا شوہر پانچ سال سے اپنی آفس کولیگ کے ساتھ روابط قائم کیے ہوئے ہے اور اسے دھوکہ دے رہا ہے اور بے وفائی کا مرتکب ہورہا ہے تو اس نے دونوں سے انتقام لینے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔
نیو نے دونوں کے افیئر کی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پرپوسٹ کردی، اور ان کے خلاف جمع کیے گئے تمام ثبوت، ان کے نام اور ذاتی معلومات بھی شیئر کر دیں۔ بظاہر یہ غصے کے اظہار کا ایک طریقہ تھا، لیکن اس عمل کے سنگین نتائج سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی پر نظر ثانی کرے، میٹا
نیو کے شوہر اور اس کی ساتھی، جو خود بھی شادی شدہ تھی، نے نیو کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا اور جیت گئے۔
جس کے بعد عدالت کی جانب سے، نیو کو حکم دیا گیا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے شوہر اور اس کی ساتھی سے معافی مانگے اور اسے حذف یا ہٹائے بغیر کم از کم 15 دن تک جاری رکھے، لیکن نیو نے اس ذاتی ذلت کو ایک کامیابی میں تبدیل کر لیا۔
نیو نے جو ویڈیوز پوسٹ کی، اس میں انہوں نے جوڑے سے جو غلطی کی تھی اس پر معافی تو مانگی لیکن اس کے ساتھ ساتھ کچھ دلچسپ معلومات لیے کچھ کلپس بھی شیئر کیے۔
نیو نے ویڈیوز میں شوہر نے ساتھی کولیگ کے لیے جو لگژری سامان خریدا اس کے ریکارڈز پیش کیے، جبکہ بیٹی کی فیس نہ دینے اور گھریلو تشدد کے الزامات بھی لگائے۔
سوشل میڈیا پر معافی مانگنے کی اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں اور 5 لاکھ سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔
دیکھتے دیکھتے ہی یہ ویڈیو ملک بھر کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، جس کے بعد نیو کے شوہر اور اس کی ساتھی دونوں کو اس تنازعہ کے نتیجے میں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔




















