Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مچھلی والی عمارت نے دنیا کو چونکا دیا، عجیب و غریب فنِ تعمیر کی عالمی فہرست میں شامل

عمارت اب صرف ایک سرکاری دفتر نہیں بلکہ حیدرآباد کا ایک نمایاں سیاحتی مقام بن گئی ہے

فنِ تعمیر کی دنیا میں عام طور پر شیشے کی عمارتیں اور بلند و بالا ٹاورز توجہ حاصل کرتے ہیں، مگر بھارت کے شہر حیدرآباد میں موجود ایک سرکاری عمارت نے اپنے منفرد انداز سے دنیا بھر کی نظریں اپنی جانب موڑ لی ہیں۔

نیشنل فشریز ڈیولپمنٹ بورڈ کی ہیڈکوارٹر عمارت، جو مکمل طور پر ایک دیوہیکل مچھلی کی شکل میں تعمیر کی گئی ہے، اب دنیا کی عجیب و غریب عمارتوں کی فہرست میں شامل ہو چکی ہے۔

2012 میں مکمل ہونے والی یہ چار منزلہ عمارت “مِمکری آرکیٹیکچر” کی نمایاں مثال ہے، جہاں عمارت کی ظاہری ساخت اس کے اندر ہونے والے کام کی عکاسی کرتی ہے۔

چمکدار دھاتی باڈی، مچھلی جیسے پھیلے ہوئے پر اور دو بڑی گول کھڑکیاں جو دور سے دیکھنے پر آنکھوں کا گمان دیتی ہیں، اس عمارت کو عام سرکاری دفاتر سے یکسر مختلف بنا دیتی ہیں۔

رات کے وقت جب اس عمارت پر نیلی روشنی ڈالی جاتی ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے شہر کے بیچوں بیچ کوئی دیوہیکل مچھلی نیلے پانی میں تیر رہی ہو۔

یہی منظر سیاحوں کے لیے خاص کشش بن چکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ عمارت اب صرف ایک سرکاری دفتر نہیں بلکہ حیدرآباد کا ایک نمایاں سیاحتی مقام بن گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب یہ عمارت تعمیر ہوئی تھی تو اس کے ڈیزائن پر رائے منقسم تھیں۔ کچھ لوگوں نے اسے حد سے زیادہ غیر روایتی قرار دیا، مگر وقت کے ساتھ یہی انفرادیت اس کی پہچان بن گئی۔

آج سیاح یہاں نہ صرف تصاویر بناتے ہیں بلکہ اس جرات مندانہ فنکاری کو سراہتے بھی ہیں، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ سرکاری عمارتیں بھی تخلیقی اور متاثر کن ہو سکتی ہیں۔

حیدرآباد کی یہ فش بلڈنگ اب دنیا کی ان چند عمارتوں میں شمار کی جا رہی ہے جو اپنی مخصوص اور انوکھی شکلوں کے باعث مشہور ہیں۔

امریکا کی باسکٹ بلڈنگ، پولینڈ کا کروکڈ ہاؤس اور فلوریڈا کا گٹار ہوٹل۔ بھارت کی یہ مچھلی نما عمارت بھی اسی عالمی فہرست میں اپنی جگہ بنا چکی ہے، جو جدید شہری ترقی میں تخیل اور جرات کے امتزاج کی ایک شاندار مثال ہے۔