کہتے ہیں نا کہ قسمت ساتھ دے تو مٹی بھی سونا بن جاتی ہے تاہم یہاں پر مٹی تو نہیں البتہ اسکریب سونا ضرور بن گیا۔
جی ہاں ایک چینی بلاگر نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ اس نے سم کارڈز اور دیگر الیکٹرانک ویسٹ سے 120,000 یوان (تقریباً 17,000 ڈالر) مالیت کا سونا صاف کر کے نکال لیا ہے۔
چین کے گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والے اس بلاگر کا کہنا ہے کہ اس نے 191.73 گرام سونا اسکریپ سم کارڈ چپس اور دیگر الیکٹرانک آلات کو صاف کر کے نکال لیا۔
تاہم یہ عمل اتنا آسان نہیں تھا اس کے لیے بلاگر نے تیز تاثیر والے تیزاب اور الیکٹرو لائٹک کمی کے جیسے پیچیدہ عمل کو استعمال کیا اور اس کی ویڈیو بھی شیئر کی، تاکہ ناظرین اس عمل کو خود آزما سکیں۔
ویڈیو پر ایک شخص نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا، دس سال کام کرنے سے بہتر ہے کہ ایک سال اسکریپ جمع کیا جائے، اور بلاگر سے درخواست کی کہ وہ اسے “چپ الکیمیا” سکھانے کے لیے شاگرد کے طور پر رکھے۔
یہ بھی پڑھیں: فہد مصطفیٰ کی انڈسٹری کو خراب کرنے والے یوٹیوبرز اور بلاگرز پر کڑی تنقید
ایک اور شخص نے لکھا، “سم چپس سے سونا بنایا جا سکتا ہے؟ میں نے کبھی نہیں سنا تھا۔”
اس بلاگر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہورہی ہے، تاہم ماہرین نے وضاحت کی کہ سم کارڈ چپ میں سونے کی مقدار بہت کم ہوتی ہے، ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ ہر سم کارڈ میں تقریباً 0.02 گرام سونا ہوتا ہے، جبکہ حقیقت میں سونا صرف 0.47 ملی گرام ہوتا ہے، یعنی 191 گرام سونا حاصل کرنے کے لیے تقریباً 400,000 سم کارڈز کی ضرورت پڑے گی۔
ویڈیو پر تنازعہ کے بعد، گوانگ ڈونگ کے بلاگر نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سونا نکالنے کے لیے استعمال ہونے والے مواد صرف “عام سم کارڈز” نہیں تھے، بلکہ یہ کمیونیکیشن الیکٹرانکس کے شعبے سے سونے سے پلیٹ کیے ہوئے ویسٹ چپس تھے۔
چینی بلاگر نے وضاحت کی کہ یہ کہانی محض ایک فرد کےضائع شدہ سم کارڈز سے سونا حاصل کرنے کی نہیں ہے بلکہ یہ قیمتی دھاتوں کی ری سائیکلنگ انڈسٹری میں مخصوص الیکٹرانک ویسٹ سے سونا صاف کرنے کا ایک جائز عمل ہے۔ اس ویڈیو کا مقصد اس عمل اور ری سائیکلنگ کی قیمت کو دکھانا تھا، نہ کہ کوئی سنسنی پیدا کرنا۔
تاہم ماہرین نے ان لوگوں کو خبردار کیا جو بلاگر کی تقلید کرنے کے خواہشمند ہیں کیونکہ ویڈیو میں سونا نکالنے کے عمل کے دوارن انتہائی نقصان دہ کیمیکلز کااستعمال کیا گیا ہے، نہ صرف یہ عمل کسی خطرے سے خالی ہے، بلکہ ماحول کے لیے بھی آلودگی کا سبب بن سکتا ہے۔




















