ڈومز ڈے کلاک نے خطرے کی گھنٹی بجادی، کیا قیامت آنے والی ہے؟۔۔ تارہخی گھڑی نے ایک بار پھر دنیا کو خطرے کی نشاندہی کردی۔
ڈومز ڈے کلاک انسانیت کو درپیش خود ساختہ تباہی کے خطرات کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
عالمی ماہرین نے اس گھڑی کو آدھی رات سے مزید قریب کر دیا ہے۔ جو دنیا کے خاتمے کی علامت تصور کی جاتی ہے۔
ڈومز ڈے کلاک میں آدھی رات کا مطلب مکمل عالمی تباہی ہوتا ہے۔ جبکہ اس سے چند سیکنڈ یا منٹ کا فاصلہ انسانیت کو درپیش خطرات کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔
اس گھڑی کی ترتیب ماہر سائنسدانوں کی ایک کمیٹی طے کرتی ہے ۔ جو ایٹمی جنگ، موسمیاتی تبدیلی، عالمی تنازعات اور جدید ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے خدشات کا جائزہ لیتی ہے۔
2026 کی تازہ ترین صورتحال کیا ہے؟
منگل 27 جنوری کو جاری ہونے والے اعلان کے مطابق ڈومز ڈے کلاک کو 85 سیکنڈ تا آدھی رات پر سیٹ کر دیا گیا ہے۔جو اب تک کی تاریخ کا سب سے خطرناک مقام ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی جنگ کے بڑھتے امکانات،تیزی سے بدلتا موسمیاتی نظام اس فیصلے کی بڑی وجوہات ہیں۔ مصنوعی ذہانت بھی ایک وجہ ہے ۔
اس سے قبل گزشتہ سال یہ گھڑی 89 سیکنڈ تا آدھی رات مقرر کی گئی تھی ۔ تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر خطرات میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماہرین کی وارننگ: وقت بہت کم رہ گیا
بلٹن آف دی ایٹامک سائنٹسٹس کی صدرالیگزینڈرا بیل نے عالمی قیادت پر تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈومز ڈے کلاک کا پیغام انتہائی واضح ہے۔
ان کے مطابق تباہ کن خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، عالمی تعاون کمزور پڑتا جا رہا ہے۔ ان کا کہناتھاکہ انسانیت کے پاس ردعمل کے لیے وقت نہایت محدود رہ گیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ صورتحال تشویشناک ہے، تاہم درست فیصلوں کے ذریعے تبدیلی ممکن ہے۔

ڈومز ڈے کلاک کی تاریخ پر ایک نظر
ڈومز ڈے کلاک کا تصور پہلی بار 1947 میں سامنے آیا۔ جب بلٹن آف دی ایٹامک سائنٹسٹس نے اپنے رسالے کے سرورق پر فنکار مارٹل لینگسڈورف کی تخلیق کردہ گھڑی شائع کی۔
ابتدا میں اس کا مقصد صرف ایٹمی جنگ کے خطرات کو اجاگر کرنا تھا۔مگر وقت کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور دیگر عالمی بحران بھی اس میں شامل کر لیے گئے۔
1953 میں ہائیڈروجن بم کی تیاری کے بعد گھڑی 2 منٹ تا آدھی رات کر دی گئی۔1984 میں سرد جنگ کے عروج پر یہ 3 منٹ پر آ گئی۔
1991 میں سرد جنگ کے خاتمے کے بعد گھڑی کو پیچھے ہٹا کر 17 منٹ کر دیا گیا۔جو اب تک کا سب سے محفوظ وقت تھا۔
2020 میں گھڑی پہلی بار سیکنڈز میں داخل ہوئی اور 100 سیکنڈ تا آدھی رات مقرر کی گئی۔ اس کے بعد سے یہ مسلسل آدھی رات کے قریب آتی جا رہی ہے، جو عالمی حالات کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔




















