کچھ بچے منفرد خصوصیات کے ساتھ جنم لیتے ہیں اور بچپن میں دنیا کو حیران کر دیتے ہیں انہی میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والا بچہ بھی شامل ہے جس نے محض 2 برس میں دو ریکارڈز توڑ دیے۔
انگلینڈ کے دو سالہ جیوڈ اووینز نے اپنے تیسری سالگرہ سے قبل ایک حیرت انگیز کارنامہ انجام دیا انہوں نے پول اور اسنوکر کھیلتے ہوئے دو گنیز ورلڈ ریکارڈز توڑ دیے۔
جیوڈ اووینز نے جب اپنا پہلا ریکارڈ توڑا تو اس وقت ان کی عمر 2 سال اور 261 دن تھی اس طرح انہوں نے سب سے کم عمر شخص کے طور پر اسنوکر ڈبل پاٹ بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سبزیوں سے تیار سازوں والے آرکسٹرا نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اسنوکر میں ڈبل پاٹ وہ ہوتا ہے جب دو گیندوں کو ایک ہی ہٹ میں مختلف پاکٹ میں پھینکا جائے۔
اووینز نے اس کامیابی کے بعد 2 سال اور 302 دن کی عمر میں پول بینک شاٹ بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بتایا کہ پول میں بینک شاٹ وہ ہوتا ہے جب کیو بال کو ایک یا زیادہ ریلز پر مارا جاتا ہے تاکہ وہ آبجیکٹ بال کو ایک پاکٹ میں داخل کرنے سے پہلے ٹکرا سکے۔
جیوڈ کے والد لوک اووینز نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب ان کے بیٹے نے پہلی باراسنوکر اسٹک ہاتھ میں لی تھی تو انہیں یقین تھا کہ وہ اس کھیل کو بہت اچھی طرح سے کھیلے گا۔
جیوڈ نے انتہائی کم وقت میں اتنی زیادہ کامیابیاں حاصل کیں، تاہم دو عالمی ریکارڈز حاصل کرنا ایک سنگ میل ہے۔
لوک اووینز نے مزید کہا کہ اب اس کے بعد آپ اس سے زیادہ کیا حاصل کر سکتے ہیں؟ کیا مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک دن عالمی چمپئن بنے گا؟ والد کے طور پر ہمیشہ یہی امید ہوتی ہے کہ آپ کے بچے زندگی میں اچھا کریں، تو اگر وہ یہ حاصل کرتا ہے، تو یہ ان کی سب سے بڑی خواہش ہوگی۔




















