Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹریفک مرر سے خوفزدہ خاتون کا انوکھا اقدام

فینگ شوئی مثبت توانائی کے بہاؤ سے متعلق ایک قدیم چینی تصور ہے

چین کے شہر شنگھائی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون پر یہ الزام ہے کہ وہ اپنے فینگ شوئی کے مطابق ٹریفک مرر کی پوزیشن بار بار بدل دیتی تھیں، جس سے کئی گاڑیوں کو حادثات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ یہ چینی خاتون وہم اور خرافات پر یقین رکھتی تھی۔

خاتون کو وہم تھا کہ ان کے گھر کے سامنے لگے ٹریفک مرر کی پوزیشن درست نہیں ہے جس سے ان کے فینگ شوئی پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اسی لیے انہوں نے اس کی پوزیشن بار بار تبدیل کی تاہم ان کا یہ عمل کئی ٹریفک حادثات کا سبب بنا۔

واضح رہے کہ فینگ شوئی مثبت توانائی کے بہاؤ سے متعلق ایک قدیم چینی تصور ہے، اس میں ماحول کے ساتھ اشیاء، فرنیچر، اور آرکیٹیکچرل ڈیزائن کا ایک خاص انداز اپنایا جاتا ہے، تا کہ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔

فینگ شوئی پر یقین رکھنے والے افراد کا ماننا ہے کہ کسی بھی شخص کے ارد گرد کی چیزوں کو ترتیب دیا جائے، تو اس سے اس کی کامیابی، صحت اور خوشی پر اثر پڑتا ہے۔

خاتون کے شوہر کے مطابق خاتون کو حالیہ دنوں میں بری قسمت کا سامنا تھا اور صحت بھی اچھی نہیں تھی تو انہوں نے ایک فینگ شوئی کے ماہر سے مشورہ لیا تاکہ کچھ بہتری لائی جا سکے۔ ماہر نے بتایا کہ ان کے گھر کے سامنے نصب ٹریفک مرر جو کہ دہائیوں سے وہاں نصب تھا، ان کی مسائل کی وجہ ہے۔ خاتون اور ان کے شوہر نے محسوس کیا کہ یہ مرر ان کے لیے ایک دیو کو ظاہر کرنے والا مرر ہے، چینی روایات کے مطابق یہ ایک ایسا آئینہ ہوتا ہے جو دیو کو کسی بھی انسان کی شکل میں ظاہر ہونے سے روکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی شہری کو ملنے والا شیشہ 4.87 قیراط کا ہیرا نکلا

خاتون کے شوہر نے کہا کہ وہ دیو نہیں ہیں، اور نا ہی یہ  چاہتے کہ ایسا مرر انہیں دکھائی دے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بار بار مرر کی پوزیشن بدل کر اس بات کو یقینی بنایا کہ اس کا رخ ان کے گھر کی طرف نہ ہو۔

فینگ شوئی پر یقین رکھنے والی خاتون نے مرر کا رخ بدلنے کی دلیل دیتے ہوئے کہا کہ اس کا  کوئی فائدہ نہیں تھا کیونکہ کوئی بھی اس کا استعمال نہیں کرتا، لیکن پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے، جس کے بعد پراپرٹی مینجمنٹ کمپنی نے اس معاملے کا حل نکالتے ہوئے دوسری طرف سڑک پر ایک اور مرر نصب کردیا تاکہ ڈرائیورز کو مڑ کر دیکھنے میں آسانی ہو اور خاتون کا فینگ شوئی بھی متاثر نہ ہو۔

خاتون نے ابتدا میں اسے قبول کر لیا، مگر جیسے ہی انہوں نے محسوس کیا کہ ان کی قسمت دوبارہ خراب ہونا شروع ہوگئی تو انہوں نے ایک بار پھر مررز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کر دی۔

 محلے کی کمیٹی نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی، مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ مررز اس کے فینگ شوئی کو متاثر کرتا ہے اوربری قسمت پھر پلٹ کر آنے لگتی ہے۔

آخرکار پولیس کو مطلع کیا گیا اور افسران نے خاتون کو خبردار کیا کہ اگر ان مررز کی وجہ سے کوئی ٹریفک حادثہ ہوتا ہے تو وہ اس کے ذمہ دار ہوں گی۔