زلزلہ شناس ماہر فرینک ہوگربیٹس نے حال ہی میں عوام کے لیے ایک سنسنی خیز انتباہ جاری کیا ہے۔ اُن کے مطابق آئندہ چند دنوں میں زمین پر غیر معمولی زلزلہ خیز سرگرمیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں اور لوگ غیر متوقع حادثات کے لیے محتاط رہیں۔
ہوگربیٹس نے کہا کہ سیاروں کی موجودہ ترتیب، جسے وہ “سیاروں کی جیومیٹری” کہتے ہیں، اس وقت خاص اہمیت کی حامل ہے۔ ان کے مطابق 13 سے 15 فروری کے دوران زمین، چاند اور مشتری ایک سیدھی لائن میں آ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں زلزلوں کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں اُنہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ بڑے زلزلے یا حیران کن واقعات سے تیار رہیں۔
دوسری جانب، سائنسی کمیونٹی نے ان کے دعووں کو غیر سائنسی اور بنیاد سے خالی قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاروں کی گردش اور زمین پر زلزلوں کے درمیان کوئی حقیقی سائنسی تعلق نہیں، اور مختصر مدت میں درست پیش گوئی ممکن نہیں۔
ہوگربیٹس، جو سولر سسٹم جیومیٹری سروے (SSGEOS) کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا کہ وہ اپنے نظریات پر قائم ہیں اور سیاروں کی حرکات زمین پر اثر ڈال سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ہوگربیٹس کی شہرت فروری 2023 میں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد بڑھی، جس کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے تین دن قبل پیش گوئی کی تھی۔
تب سے وہ مسلسل سوشل میڈیا پر زلزلوں کے حوالے سے وارننگز جاری کر رہے ہیں، جس سے عوام میں تشویش کی فضا قائم ہو گئی ہے۔



















