روس میں ملازمت کی تلاش میں ناکامی کے بعد ایک نوجوان نے اپنی بقا کے لیے خود کو گرفتار کروانے کا غیر معمولی قدم اٹھا لیا، جس پر عدالت نے اسے ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمہوریہ باشکورتوستان سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان، جس کی شناخت صرف ’اولیگ‘ کے نام سے کی گئی، روزگار نہ ملنے اور مالی وسائل ختم ہونے کے باعث شدید مایوسی کا شکار تھا۔ ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کرنے اور فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد اس نے روسی شہر اوُفا میں ملازمت کے لیے متعدد کوششیں کیں، تاہم کامیابی نہ ملنے پر وہ رہائش اور خوراک کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک مرر سے خوفزدہ خاتون کا انوکھا اقدام
رپورٹس کے مطابق گزشتہ موسمِ گرما میں مسلسل تین دن تک نوکری کی تلاش میں ناکامی کے بعد نوجوان ایک ہوٹل پہنچا جہاں اس نے عملے کو دھمکی دی کہ اس کے بیگ میں بم موجود ہے اور وہ عمارت کو اڑا دے گا۔ تاہم جب کسی نے اس کے دعوے پر یقین نہ کیا تو اس نے کھڑکی سے چھلانگ لگا دی اور بعد ازاں قریبی اوُفا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ کر بھی یہی دعویٰ دہرایا۔
نوجوان نے پولیس اور انتظامیہ کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا اور لوگوں کو خود سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تلاشی لی تو اس کے پاس کوئی بم یا دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا، جس کے بعد اسے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
بعد ازاں دورانِ تفتیش نوجوان نے اعتراف کیا کہ اس نے جان بوجھ کر جھوٹی دھمکی دی تاکہ اسے گرفتار کرلیا جائے اور جیل میں رہائش اور خوراک کی سہولت حاصل ہوسکے۔
عدالت نے جھوٹی بم دھمکی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے جرم میں ملزم کو ساڑھے تین سال قید کی سزا سنا دی۔




















