Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رواں برس کا پہلا بلڈ مون کب نمودار ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟

اگلا مکمل چاند گرہن 31 دسمبر 2028  کو ہوگا

2026 کا پہلا مکمل چاند گرہن، جسے عام طور پر ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے، 3 مارچ کو نمودار ہوگا اور پاکستان کے مختلف شہروں میں جزوی طور پر دیکھا جا سکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فلکیات کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک غیر معمولی اور دلکش منظر ہوگا، جبکہ اگلا مکمل چاند گرہن 31 دسمبر 2028  کو ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گرہن کا آغاز دوپہر 1 بج کر 44 منٹ پر ہوگا، جبکہ چاند زمین کے نیم سایہ میں 2 بج کر 50 منٹ پر داخل ہوگا۔ مکمل گرہن کا مرحلہ 4 بج کر 5 منٹ پر شروع ہوگا اور 4 بج کر 34 منٹ پر عروج پر پہنچے گا، اس طرح آسمان پر ایک منفرد منظر دکھائی دے گا۔

مکمل چاند گرہن کے دوران چاند سرخی مائل یا نارنجی رنگ اختیار کر لے گا۔ یہ رنگت زمین کے ماحول میں سورج کی روشنی کے بکھرنے کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ سورج، زمین اور چاند کی سیدھ اس منظر کو مزید دلکش بنا دیتی ہے، جو صدیوں سے لوگوں کو متوجہ کرتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سال 2026 میں کتنے سورج اور چاند گرہن ہوں گے؟ جانیے

مکمل گرہن کا مرحلہ 5 بج کر 3 منٹ پر ختم ہونا شروع ہوگا، جبکہ پورا عمل شام 7 بج کر 23 منٹ پر مکمل ہو جائے گا۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظارے کو دیکھنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں آسمان صاف ہو، اور اگر ممکن ہو تو دوربین یا مناسب فلٹر کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ یہ چاند گرہن پاکستان کے علاوہ ایشیا، آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکا اور دنیا کے دیگر خطوں میں بھی دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ موقع شوقیہ مبصرین اور سائنس دانوں کے لیے چاند اور اس کے مدار کے مطالعے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔