سال 2026 کا پہلا مکمل چاند گرہن کل دیکھا جائے گا، جس کے دوران آسمان پر بلڈ مون کا دلکش اور حیرت انگیز نظارہ کیا جا سکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے جس میں زمین، چاند اور سورج ایک سیدھ میں آ جاتے ہیں اور چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مکمل چاند گرہن شام 4 بج کر 05 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ یہ اپنے عروج پر شام 4 بج کر 34 منٹ پر پہنچے گا۔ گرہن کا اختتام رات 7 بج کر 23 منٹ پر ہوگا۔
پاکستان میں یہ گرہن جزوی طور پر دکھائی دے گا، تاہم دنیا کے بعض خطوں میں مکمل منظر واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آسٹریلیا اور امریکا میں مکمل چاند گرہن واضح طور پر نظر آئے گا، جہاں چاند سرخی مائل رنگ اختیار کر لے گا۔ اسی سرخ رنگت کی وجہ سے اسے ’’بلڈ مون‘‘ کہا جاتا ہے۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق جب سورج کی روشنی زمین کے گرد سے گزر کر چاند تک پہنچتی ہے تو نیلی روشنی بکھر جاتی ہے جبکہ سرخ روشنی چاند تک پہنچتی ہے، جس سے چاند سرخ دکھائی دیتا ہے۔
یہ منظر نایاب اور دیدہ زیب ہوتا ہے جو شوقین افراد کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صاف افق والے مقامات سے اس فلکیاتی مظہر کا مشاہدہ کریں تاکہ اس قدرتی نظارے سے بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔




















