Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ویڈیو گیم کی لت نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی

طالب علم نے اپنی تمام چھٹیاں تقریباً مکمل طور پر کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گزار دیں، جس کے تباہ کن نتائج سامنے آئے

ویڈیو گیم کی لت دنیا بھر میں لاکھوں نوجوانوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہی ہے یہاں تک کہ بعض انتہائی صورتوں میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے ایسا ہی ایک واقعہ تائیوان میں پیش آیا جہاں مسلسل گیم کھیلنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ تائیوان کی آئی سی یو نرس لائن ٹنگ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ایسے طالب علم کا کیس بیان کیا جسے مسلسل چار دن تک گیم کھیلنے کی وجہ سے دماغی شریان پھٹنے (برین ہیمرج) کا سامنا کرنا پڑا۔

بہت سے نوجوان سردیوں کی چھٹیوں میں منصوبہ بناتے ہیں کہ وہ اپنا وقت ویڈیو گیم کھیل کر گزاریں گے لیکن اس واقعے میں طالب علم نے اپنی تمام چھٹیاں تقریباً مکمل طور پر کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گزار دیں، جس کے تباہ کن نتائج سامنے آئے۔

ماں کی بار بار سمجھانے کے باوجود کہ وہ کمپیوٹر بند کر کے آرام کر لے، تاہم نوجوان تقریباً مسلسل آن لائن گیم کھیلتا رہا، وہ صرف باتھ روم جانے اور ہلکی پھلکی چیز کھانے کے لیے مختصر وقفے لیتا تھا۔ چار دن اور تین راتوں کے بعد وہ اچانک گر پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ویڈیو گیمز کھیلنا واقعی نقصان دہ ہے؟ نئی تحقیق نے سب کے ہوش اڑادیئے

طالب علم کی والدہ کے مطابق، وہ رات کے وقت باتھ روم جانے کے لیے اٹھا لیکن اچانک درد سے چیخا اور بے ہوش ہو کر فرش پر گر گیا۔ اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی دماغی شریان پھٹ گئی ہے جس سے شدید اندرونی خون بہہ رہا تھا۔

ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کے لیے ہنگامی سرجری کی، لیکن اس کی حالت تشویشناک رہی جس کے بعد اسے لائف سپورٹ پر منتقل کر دیا گیا ہو گیا اور اس کا بلڈ پریشر برقرار رکھنے کے لیے ادویات دی گئیں۔ اس کے اہلِ خانہ کو امید تھی کہ وہ ہوش میں آ جائے گا، مگر کئی ماہ بعد انہوں نے دل پر پتھر رکھ کر مشینیں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

لائن ٹنگ نے وہ دل خراش لمحات بھی بیان کیے جب خاندان نے آخری بار اپنے پیارے کو الوداع کہا۔ انہوں نے اپنے فالوورزکو خبردار کیا کہ دماغی شریان پھٹنے کا خطرہ صرف بزرگوں تک محدود نہیں ہے۔ حد سے زیادہ کام، مسلسل نیند کی کمی، تمباکو نوشی، ضرورت سے زیادہ شراب نوشی اور شدید ذہنی دباؤ دماغی خون کی نالیوں کو کمزور کر سکتے ہیں، جو بغیر ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول یا شوگر کے بھی پھٹ سکتی ہیں۔