Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملائیشین شہری نے انوکھا اعزاز اپنے نام کر لیا

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے پرتھاب منیاندی کو باضابطہ طور پر “کسی مرد کے منہ میں سب سے زیادہ دانت” رکھنے کا ریکارڈ دیا ہے

ملائیشیا کے ایک شخص کے منہ میں غیر معمولی طور پر 42 دانت نکل آئے ہیں، جسے گنیز ورلڈ ریکارڈ نے باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے اسے دنیا میں کسی مرد کے منہ میں سب سے زیادہ دانت ہونے کے عالمی اعزاز دے ڈالا۔

عام طور پر ایک بالغ انسان کے منہ میں اوسطاً 32 دانت ہوتے ہیں، تاہم ملائیشیا کے رہائشی 33 سالہ پرتھاب منیاندی کے منہ میں 10 اضافی دانت پائے گئے۔

پرتھاب منیاندی کے مطابق انہیں پہلی بار 2021 میں ایک تقریب کے دوران احساس ہوا کہ ان کے دانت عام افراد کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ جب انہوں نے دانت گنے تو ان کی تعداد 38 نکلی۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے ایکسرے کیا جس سے معلوم ہوا کہ مزید چار دانت بھی نکلنے والے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی شخص نے داڑھی میں ٹوتھ پکس لگا کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

2023 تک ان کے منہ میں دانتوں کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق خوش قسمتی سے ان کے زیادہ تر دانت سیدھے نکلے ہیں اور انہیں کسی بڑی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

پرتھاب کا کہنا ہے کہ جب لوگ ان کے دانتوں کی تعداد کے بارے میں سنتے ہیں تو اکثر حیران رہ جاتے ہیں اور یقین کرنا مشکل سمجھتے ہیں کہ کسی کے منہ میں 32 کے بجائے 42 دانت بھی ہو سکتے ہیں۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ نے پرتھاب منیاندی کو باضابطہ طور پر “کسی مرد کے منہ میں سب سے زیادہ دانت” رکھنے کا ریکارڈ دیا ہے۔ خواتین میں یہ ریکارڈ بھارت کی کلپنا بالان کے پاس ہے، جن کے منہ میں 38 دانت ہیں۔

پرتھاب منیاندی کا کہنا ہے کہ یہ جان کر انہیں خوشی اور حیرت دونوں ہوتی ہے کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ دانت رکھنے والے شخص کے طور پر ریکارڈ ہولڈر ہیں۔