گاڑی چلانا مہارت کا کام ہے اور اس کے لیے ایک خاص عمر درکار ہوتی ہے تاہم چین کے ننھے ڈرائیور نے محض 5 سال کی عمر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرکے دنیا کو حیران کر دیا۔
جی ہاں! چین کے ننھے ڈرائیور شاؤ زیان کو دنیا کے کم عمر ترین ریس کار ڈرائیورز میں شمار کیا جا رہا ہے، جنہوں نے صرف پانچ سال کی عمر میں باقاعدہ ڈرائیونگ سرٹیفکیٹ حاصل کر لیا۔
شاؤ زیان نے انتہائی کم عمری میں ہی ریسنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔ ان کے والد نے انہیں پہلی بار ریسنگ سمیولیٹر سے اس وقت متعارف کرایا جب ان کی عمر ایک سال تھی۔ جبکہ تین سال کی عمر سے پہلے ہی انہوں نے ریس کار چلانا شروع کر دی تھیں۔

چار سال کی عمر میں شاؤ زیان نے پیشہ ورانہ ریلی مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا اور 2023 کے چائنا ریلی اسپرنٹ چیمپئن شپ میں “ہوپ اسٹار ایوارڈ” بھی حاصل کیا۔
ریسنگ سمیولیٹر گیمز ڈرٹ ریلی2.0 اور ڈبلیو آر سی 10 میں بھی وہ عالمی سطح پر ٹاپ 30 ڈرائیورز میں شامل رہ چکے ہیں، جس کے بعد ان کے والد نے ان کے لیے پہلی ریلی کار تیار کروائی۔
یہ بھی پڑھیں: چلتی ٹرین پر پائلٹ نے طیارہ اتار کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
9 اپریل 2023 کو پانچ سالہ شاؤ زیان نے چائنا آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن سے منظور شدہ رنریسنگ ڈرائیونگ اکیڈمی ٹریننگ سرٹیفکیٹ حاصل کیا، جس کے بعد وہ ملک کے کم عمر ترین لائسنس یافتہ ریسنگ ڈرائیور بن گئے۔
گزشتہ سال انہوں نے ایک تبدیل شدہ ریس کار کے ساتھ چائنا ووئی آٹوموبائل ریلی میں بھی حصہ لیا۔
چینی ذرائع کے مطابق شاؤ زیان کے والد نے جدید ڈرائیونگ سمیولیٹرز اور تبدیل شدہ ریس کاروں پر تقریباً 8 لاکھ یوآن (تقریباً 1 لاکھ 16 ہزار ڈالر) خرچ کیے ہیں اور ریلی مقابلوں میں وہ اکثر اپنے بیٹے کے ساتھ شریک ڈرائیور کے طور پر بھی موجود ہوتے ہیں۔
اگرچہ شاؤ زیان کی ڈرائیونگ مہارت بہت سے بالغ افراد سے بہتر بتائی جاتی ہے، تاہم وہ عوامی سڑکوں پر گاڑی نہیں چلاتے۔ ان کی ریس کاریں ٹریلرز کے ذریعے مقابلوں کے مقامات تک پہنچائی جاتی ہیں، جو روڈ ٹریفک سیفٹی قانون کے مطابق ہے۔




















