شہر کے ایک بڑے ملٹی اسپیشلٹی اسپتال میں چوری کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون ڈاکٹر کا روپ دھار کر اسپتال میں داخل ہوئی اور مریض کے سونے کے زیورات چرا کر فرار ہوگئی۔
یہ واقعہ بھارت کے شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق ملزمہ سفید ڈاکٹر کوٹ پہن کر اسپتال پہنچی تھی۔
دروازے پر موجود سکیورٹی اہلکار اسے ڈاکٹر سمجھ کر بغیر کسی تفتیش کے اندر جانے کی اجازت دے بیٹھے۔
اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں خاتون کو مختلف راہداریوں میں پرسکون انداز میں گھومتے دیکھا گیا، تاہم کسی نے اس سے سوال نہیں کیا کیونکہ اس کا حلیہ بالکل ڈاکٹر جیسا تھا۔
देखी नहीं होगी चोरी की ऐसी तरकीब, हैदराबाद के बड़े अस्पताल में हो गया खेल-वीडियो से खुली पोल#Hyderabad pic.twitter.com/x6ZkZd1Mnc
— NDTV India (@ndtvindia) March 13, 2026
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون پہلے نرسنگ روم میں گئی جہاں سے اس نے چند انجکشن اور طبی سامان اٹھایا تاکہ اس کا بھیس مزید حقیقی محسوس ہو۔
بعد ازاں وہ ایک مریض کے کمرے میں داخل ہوئی اور موقع پا کر مریض کے سونے کے زیورات لے کر خاموشی سے باہر نکل گئی۔
چوری کی واردات کے بعد خاتون اسی اطمینان سے اسپتال سے باہر چلی گئی جیسے وہ کسی معمول کی ڈیوٹی پر آئی ہو۔
کچھ دیر بعد جب مریض کے اہل خانہ کو زیورات کے غائب ہونے کا علم ہوا تو اسپتال انتظامیہ کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد پولیس کو طلب کر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال کے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لیے گئے ہیں اور ملزمہ کی شناخت کے لیے مختلف زاویوں سے ویڈیو کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کو امید ہے کہ جلد ہی خاتون کو گرفتار کر لیا جائے گا۔




















