Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین: کلاؤ مشین گیم میں زندہ جانور بطور انعام ملنے لگے

ماہرین نے بتایا کہ ہمسٹرز انتہائی حساس ہوتے ہیں اور شور و ہجوم والی جگہ میں نہیں رہ سکتے

کلاؤ مشین میں بطور انعام عموماً اسٹفڈ کھلونے دیے جاتے ہیں تاہم چین میں ان کھلونوں کے بجائے زندہ ہمسٹرز دینے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

چین کے شہر شینزین کے ایک آرکیڈ پر کلاؤ مشین گیم میں زندہ ہمسٹرز کو بطور انعام دینے پر جانوروں کے ساتھ برا سلوک کیے جانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یوییکونگ سٹی آرکیڈ میں کلاؤ مشین میں موجود چھوٹے ہمسٹرز کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پوسٹ کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پر وائرل ہو گئی ہیں۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہمسٹرز ایک کونے میں دبکے ہوئے ہیں، جبکہ ان تصاویر نے چینی سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر پیدا کر دی، کئی صارفین کی جانب سے آرکیڈ کے مالکان پر جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

 یہ نرم اور معصوم جانور نہ صرف کلاؤ مشین میں زندگی گزار رہے تھے، بلکہ چمکدار رنگین لائٹس اور مسلسل شور کے درمیان رہنے کے ساتھ ساتھ ہر بار جب کوئی ان کو انعام کے طور پر پکڑنے کی کوشش کرتا تو وہ اس دھاتی کلاؤ سے بچنے کی کوشش کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: گولڈ فش نے کار چلا کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

ماہرین نے بتایا کہ ہمسٹرز انتہائی حساس ہوتے ہیں اور شور و ہجوم والی جگہ میں نہیں رہ سکتے، جبکہ مشین کی تنگ جگہ کے ساتھ ساتھ دھاتی کلاؤ کے بار بار چھونے کی وجہ سے کئی ہمسٹرز کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا بھی پڑا۔

کچھ وزیٹرز نے پولیس کو آرکیڈ کی اس بدسلوکی کی اطلاع دینے کی کوشش کی، لیکن انہیں بتایا گیا کہ شینزین میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی قانون نہیں ہے۔

چند ہی دنوں میں، اس متنازعہ کلاؤ مشین کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد، شینزین کے آرکیڈ نے ہمسٹرز والی مشین کو ہٹا کر اس کی جگہ دو نئی مشینیں لگا دیں، جن میں انعامات زندہ مچھلیاں اور چھوٹے کچھوے تھے۔ ایک ملازم نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ مالکان کو چینی قانون کے تحت جانوروں کی صحت اور بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے مقدمہ کا سامنا ہو سکتا تھا کیونکہ ان کے پاس اس قسم کے زندہ ہمسٹرز کو اپنے مقام پر استعمال کرنے کے لیے ضروری لائسنس موجود نہیں تھے۔

چین میں فی الحال چھوٹے جانوروں، مویشیوں اور پالتو جانوروں کو بدسلوکی سے بچانے کے لیے کوئی قوانین موجود نہیں ہیں۔