Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کیلئے مالٹا کا منفرد پروگرام متعارف

مالٹا نے اس اسکیم کے لیے سالانہ 5 ملین یورو کا بجٹ مختص کیا ہے

دنیا بھر میں لوگ گاڑی کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے امتحان دیتے ہیں اور فیس بھی ادا کرتے ہیں تاہم دوسری جانب ایک ایسا ملک بھی ہے جو آپ کا لائسنس واپس لینے کے عوض بھاری رقم کی آفر دے رہا ہے۔

 جی ہاں! مالٹا ہی وہ ملک کے جو اپنے باسیوں کو پانچ سال کے لیے اپنے ڈرائیونگ لائسنس واپس کرنے پر 29,000 ڈالر دینے کی پیشکش کررہا ہے۔

مالٹا نے اپنی سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کم کرنے کے لیے ایک منفرد پروگرام متعارف کرایا ہے جس کا نام “ڈرائیونگ لائسنس سرنڈر اسکیم” ہے، جس کے تحت افراد کو پانچ سال کے لیے اپنے ڈرائیور لائسنسز واپس کرنے پر 25,000 یورو دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مالٹا یورپ کا سب سے چھوٹا ملک ہونے کے باوجود براعظم کے دیگر ممالک کی نسبت سب سے زیادہ گاڑیاں رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں ٹریفک کا اژدھام ایک مستقل مسئلہ بن چکاہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکام نے ایک انوکھا پروگرام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں گاڑیوں کے استعمال کو کم کرنا ہے، خاص طور پر جب تک گاڑی چلانے کی عادت بہت مضبوط نہ ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 5 سال کی عمر میں لائسنس حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا پروفیشنل ریس کار ڈرائیور

اس پروگرام کے ذریعے مالٹا نوجوان ڈرائیورز کو 25,000 یورو (28,650 ڈالر) دینے کی پیشکش کر رہا ہے تاکہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس کو پانچ سال کے لیے رضاکارانہ طور پر واپس کر دیں اور اس دوران گاڑی چلانے سے گریز کریں

۔ یہ رقم سالانہ 5,000 یورو کی قسطوں میں دی جائے گی، اور اگر فائدہ اٹھانے والا شخص پانچ سال سے پہلے اپنا فیصلہ بدل لیتا ہے تو اسے حاصل کردہ رقم کو پرو ریٹا کی بنیاد پر واپس کرنا پڑے گی۔

ڈرائیونگ لائسنس سرنڈر اسکیم کے تحت فائدہ اٹھانے کے لیے ڈرائیورز کو 30 سال یا اس سے کم عمر، مالٹا کے کم از کم سات سال سے رہائشی، 12 ماہ سے زیادہ عرصہ کے لیے ڈرائیور کا لائسنس رکھنے والے، اور جن کے لائسنس معطل یا منسوخ نہ ہوئے ہوں، ہونا ضروری ہے۔

مالٹا نے اس اسکیم کے لیے سالانہ 5 ملین یورو کا بجٹ مختص کیا ہے، جس کے تحت ہر سال 1,000 افراد کو اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔

نوجوان اس پروگرام میں بہت زیادہ دلچسپی لے رہیں ہیں جس سے ظاہر ہورہا ہے کہ نوجوان ڈرائیورز کے لیے مالی انعام گاڑی چلانے سے زیادہ اہم ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک بار لائسنس واپس کرنے کے بعد وہ ہمیشہ کے لیے معطل سمجھا جائے گا، اور پانچ سال بعد نیا لائسنس حاصل کرنے کے لیے شخص کو 15 گھنٹے کی ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرنا ہوگی۔

مالٹا کی ڈرائیونگ لائسنس سرنڈر اسکیم کے اعلانات کے مقصد میں فعال ڈرائیورز کی تعداد کو کم کرنا اور عوامی نقل و حمل کے استعمال کو فروغ دینا شامل ہے، تاکہ ٹریفک کی بھیڑ اور آلودگی کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔