
مرکزی تنظیم تاجران کا ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان
اسلام آباد: صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ 29 اگست کو بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہو گا اور 2 ستمبر ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہو گی۔
کاشف چوہدری نے تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بنیادی قیمت میں ظالمانہ اضافہ اور کئی ٹیکسز نے بجلی کے بل کو عوام کیلئے بم بنا دیا، حکومت کے ان اقدامات کے خلاف ملک گیر شٹر ڈاؤن پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی مارکیٹس میں سیاہ پرچم لگا کر احتجاجی تحریک کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی کیلئے مرد اپنے گردے اور خواتین زیوارت فروخت کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔
انکا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج شروع کر رہے ہیں، بجلی کے بل عوام کے لیے ناقابل برداشت جبکہ اشرافیہ کیلئے مفت بجلی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے۔
صدر مرکزی تنظیم تاجران نے کہا کہ سالانہ 32 کروڑ بجلی کے مفت یونٹس، لائن لاسز، آئی پی پیز کے کک بیکس کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے قوم تھک چکی ہے، حکمرانوں اور اشرافیہ کیلئے مراعات اور غریب کیلئے موت کو بھی مشکل بنا دیا گیا ہے۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ بے حس، مفاد پرست، نااہل اور نالائق حکمرانوں نے بجلی کے بل جاتے جاتے عوام پر پیٹرول بم بنا کر گرا دیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کا طوفان ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور بجلی و پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ واپس لے، ہم ظالمانہ اقدامات کے خلاف ملک کے تمام شہروں میں مظاہرے شروع کر رہے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ حکومت مفت بجلی، گیس بند، علاج، مراعات ختم کرنے کی بجائے اپنوں کو نوازنے پر لگی ہوئی ہے، ملک میں صنعتیں بند اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں مگر بے حس حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں، حکمرانوں کی عیاشیوں نے عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا۔
مرکزی تنظیم تاجران کے صدر نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی سے بھی درخواست کرتے ہیں ملک کو انارکی سے بچائیں، ادارے بھی پاکستان کے ہیں، تاجر بھی پاکستانی ہیں، اس وقت پاکستان کا ہر شہری مہنگائی سے پریشان ہے۔
کاشف چوہدری نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی سمت کو درست کرنے کے لیے ہم ہمیشہ آواز اٹھاتے رہے ہیں، بیرون ملک رہنے والوں کو وزیر خزانہ بنایا جاتا ہے جو آئی ایم ایف کا ایجنڈا لیکر آتا ہے، ٹکیسز نا قابل برداشت ہوچکے ہیں تاجر ایکسپورٹ کیسے بڑھائیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News